لاہور۔ گزشتہ روز پنجابی لینگوئج موومنٹ کے زیراہتمام پنجاب ہاوس میں پنجابیوں کا ٹارگٹ کلنگ کیوں کے عنوان سے ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت قائد پنجابی تحریک چوہدری الیاس گھمن نے کی جبکہ ملک مجاہد حسین کھوکھر‘ میڈم نگہت خورشید‘ ڈاکٹر بشیر فیض اسدی‘ مرزا شبیر بیگ ، چوھدری محمد خورشید نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔ مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان میں پنجابیوں کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے اس عمل سے پنجابیوں کے دلوں میں بلوچستان کے لئے نفرت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام پہلے ہی دیگر صوبوں کی گالی گلوچ سے دل برداشت ہیں اور اپنے نوجوانوں کی لاشوں کی بلوچستان سے آمد سے اختلافات اور مایوسی میں اضافہ ہوگا۔ چوہدری الیاس گھمن نے نوشکی بلوچستان میں 9پنجابیوں کی ہلاکت پر سخت افسوس اور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے لوگ پورے پاکستان اور دیگر صوبوں کے عوام سے محبت اور پیار کے جذبات رکھتے ہیں مگر کچھ شرپسند اور ملک دشمن عناصر اپنی اوچھی حرکتوں سے ہمارے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں جو کہ ملک اور قوم کے لئے نقصان دہ ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ ایسے عناصر کا قلع قمع کر کے اور بلوچستان میں بسنے والے پنجابیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
ملک مجاہد علی کھوکھر نے نوشکی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے باسی ہمیشہ دوسرے صوبے کے لوگوں پر محبتیں نچھاور کرتے ہیں مگر پنجاب کے باسیوں کو ادھر سے کبھی کوئی خوشگوار ہوا کا جھونکا نہیں ملا۔ ہمیشہ نفرت سے بھرپور گفتگو اور بے گناہ پنجابی لوگوں کی موت نے ہمیں افسردہ کر دیا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ پاکستان کی وحدت کے ایسے افراد کا قلع قمع کیا جائے جو صوبوں کے درمیان نفرت کی خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں اسی میںملی بقا ہے۔ میڈم نگہت خورشید‘ مدثر اقبال بٹ چیئرمین پنجابی لینگوئج موومنٹ‘ چوہدری نذیر کہوٹ نے بلوچستان میں بے گناہ پنجابیوں کی موت پر غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے شرپسند عناصر کی بیخ کنی کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں وگرنہ نفرت کی یہ خلیج بڑھتی چلی جائیگی۔ تقریب سے اوریا مقبول جان‘ ایثار رانا‘ ندیم رضا‘ قاضی طارق عزیز‘ عدل منہاس لہوری‘ ممتاز راشد لہوری عمران شوکت‘ پروفیسر عباد نبیل شاد‘ جمیل احمد‘ ندیم اقبال باہو‘ ممتاز ملک‘ زاہد صدیقی‘ خالد اعجاز مفتی ۔پروفیس خالد جٹ ‘ حکیم اصف گجر اور دیگر پنجابی زعما نے خطاب کیا۔ سیمینار میں ٹارگٹ کلنگ کے موضوع پر پنجابی میڈیا گروپ کی تیار کردہ ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔اور شہداء کے لیے دعا و فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔