آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعہ کی شام بہاولنگر واقعہ کے حوالے سے اہم ویڈیو پیغام میں پولیس فورس کے لیے نوکریوں میں ترقی اور دیگرمراعات کا خصوصی تذکرہ کیا۔انہوں نے کہا پنجاب پولیس کا مورال وہ بنیاد ہے جس سے ہم دہشت گردوں، چوروں، ڈاکوؤں سے لڑتے ہیں۔
بہاولنگر کے واقعہ پر سوشل میڈیا پر اداروں میں ٹکراؤ کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔دونوں اداروں نے مشترکہ طور پر اس کا فوری ایکشن لیا۔
آر پی او بہاولپور اور آرمی کی مقامی کمانڈ نے علاقے کا دورہ کیا۔ملک دشمن کالعدم تنظیم واقعے کو بنیاد بنا کر عوام میں اداروں کے درمیان ٹکراؤ درمیان کا تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کالعدم تنظیم یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ اب ہم خدانخواستہ دشمن کے پیچھے نہیں جائیں گے۔پنجاب پولیس کے جوانوں میں مایوسی پھیلانے کے لئے بعض پرانے واقعات کی ویڈیوز کو بھی سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنز کے ایس او پیز کو فالو نہ کرنے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا۔دونوں اداروں نے مل کر فوری علاقے کا دورہ کیا، میٹنگز کی گئی، معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کیا گیا۔
پاکستان زندہ باد، پاک فوج اور پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔آئی جی پنحاب نے کہا آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق معاملے کی جوائنٹ انوسٹی گیشن انکوائری قائم کر دی گئی ہے۔
جوائنٹ انوسٹی گیشن انکوائری کے دوران قانون کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔پنجاب حکومت نے بھی واقعہ میں ملوث افراد کے ذاتی عمل کی نشاندہی، ذمہ داران کے تعین کے لئے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔
پنجاب حکومت کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی میں مسلح افواج، پنجاب پولیس اور سول حکام شامل ہیں۔پنجاب پولیس کی لیڈرشپ اور فورس کے درمیان فیملی جیسے رشتے کو توڑنے کی ناکام کوشش کی گئی۔
پنجاب پولیس کی ڈاکوؤں، چوروں بدمعاشوں اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ جنگ اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہے گی۔پنجاب پولیس اور تمام سکیورٹی ادارے مل کر دہشت گردوں اور شرپسندوں کو نیست و نابود کرکے پاکستان کو محفوظ بنانے کے مشن پر گامزن رہیں گے۔
فورس پر لازم ہے کہ سوشل میڈیا ٹرولنگ یا غیر ضروری تنقید پر کان نہ دھرے اور گمراہ گن پروپیگنڈے کا شکار نہ ہو۔پولیس قیادت اور فورس نے مل کر میانوالی، کچہ آپریشن، ڈی جی خان ، جڑانوالہ ہر جگہ وطن دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔
فورس کی ویلفیئر، 23 ہزار پروموشنز، جدید ٹریننگ، گھروں کی فراہمی، لیگل ایڈ سمیت ہر موقع پر محکمہ اہلکاروں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ ملک و قوم کی خدمت و حفاظت پولیس فورس کا نصب العین ہے جسے بھرپور لگن کے ساتھ سر انجام دینا فورس پر لازم ہے۔