ایشیائی ترقیاتی بینک کے ED کی وزیر برائے اقتصادی امور سے ملاقات میں پاکستان کو مسلسل تعاون کی یقین دہانی

عابد چوہدری ،اسلام آباد
سی این این اردو-ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور متبادل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پرمشتمل ایک وفد نے آج ملک کی ترقیاتی ترجیحات اور میکرو اکنامک اصلاحات پر تبادلہ خیال کے لیے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات کی۔ یہ وفد 6 سے 12 اکتوبر 2024 تک حکومت اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے تاکہ اے ڈی بی کے تعاون کو حکومت کی ترجیحات سے بہتر طور پر ہم آہنگ کیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیراحد چیمہ نے پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان مضبوط شراکت داری پر روشنی ڈالی، جس کا اعادہ اے ڈی بی کے صدر ماساسوگو اساکاوا کے حالیہ دورہ کے دوران کیا گیا۔ احدچیمہ نے ایک جامع اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے حکومت کے عزم کو واضح کیا، جس کی توجہ میکرو اکنامک استحکام کی بحالی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے ریونیو جنریشن، توانائی کے شعبے میں بہتری، اور سرکاری اداروں کی تنظیم نو کےساتھ ساتھ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت اہم اصلاحاتی شعبوں پر روشنی ڈالی۔

وفاقی وزیر نے مستحکم کرنسی، مہنگائی میں کمی، اور مضبوط مالی پوزیشن جیسی حکومتی اصلاحات کے اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سماجی ترقی سمیت اہم شعبوں میں اے ڈی بی کی مدد کے لیے پاکستان کی ترجیحات پر بھی زور دیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کےوفد نے سٹرکچرل اصلاحات کے نفاذ، مالیاتی گنجائش پیدا کرنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کے ایجنڈے پر اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ اے ڈی بی کےایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے دورے سے بینک اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعاون کو تقویت ملی، جس سے معاشی استحکام آنے کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کے اہداف بھی حاصل ہوسکیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں