معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی 8 ویں برسی

شفقت، محبت اور رحم دلی کا پیکر مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو آج ہم سے بچھڑے 8 برس بیت گئے ہیں۔

عبدالستار ایدھی 28 فروری 1928 کو بھارت کی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد 1947ء میں اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آکر کراچی میں سکونت اختیار کی، ایدھی صاحب نے اپنی خدمات کا آغاز 1951ء میں ایک ڈسپنسری کے ذریعے کیا پھر ایدھی ٹرسٹ قائم کیا اور اپنی زندگی کے 65 برس دکھی انسانیت کی خدمت میں گزارے۔

عبدالستار ایدھی نے بلا تفریق اپنے ہم وطنوں کی بے لوث خدمت کی اور اپنی پوری زندگی اس کام کیلئے وقف کردی، وہ ایک ایسا ادارہ چھوڑ گئے جو ان کے بعد بھی انسانیت کی فلاح کیلئے کام کر رہا ہے، عبدالستار ایدھی کے اہل خانہ اور ایدھی فاؤنڈیشن کے کارکنان ان کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ملک کے کونے کونے میں ایدھی ٹرسٹ کے کلینک، پناہ گاہیں، بزرگوں اور عورتوں کیلئے گھر اور ایسے ہی بے شمار منصوبے چل رہے ہیں، عبدالستار ایدھی کو حکومت پاکستان نے انیس سو نواسی میں اعلیٰ ترین سول ایوارڈز میں سے ایک نشانِ امتیاز سے نوازا، گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی ان کا نام دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس چلانے کے باعث شامل ہے۔

عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016ء کو کراچی میں گردوں کے عارضے میں مبتلا ہو کر 88 برس کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئے، ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا گیا، ایدھی صاحب تو آج ہم میں نہیں مگر ان کی انسانیت کیلئے خدمات بھلائی نہیں جاسکتیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں