تجارت، توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون میں اضافہ پاک-ایران تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے، اسپیکر قومی اسمبلی*
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بدھ کے روز ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے اقتصادی امور و سفارتکاری مہدی سفاری نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام بھی موجود۔ تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تاریخی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔دونوں برادر ممالک مذہب، اخوت، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔دونوں اقوام میں ہم آہنگی کا فروغ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین قریبی رابطوں کیلئے ضروری ہے۔پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔پارلیمانی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے میں پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے باہمی مسائل کا ملکر حل کرنا ضروری ہے۔
اسپیکر نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کو جغرافیائی محلِ وقوع کی بدولت علاقائی اور عالمی تجارت کے فروغ کے لیے منفرد مقام حاصل ہے۔تجارت، توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون میں اضافہ پاک-ایران تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا پاک-ایران سرحد کی دونوں جانب بسنے والے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔
سردار ایاز صادق نے پرائیویٹ سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس سرحدی منڈیوں کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے تجارت، کاروبار اور دوطرفہ درآمدات کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں پاک-ایران گیس پائپ لائن کے منصوبے کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں توانائی کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے اقتصادی امور و سفارتکاری مہدی سفاری نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے پاک-ایران برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ایرانی نائب وزیر خارجہ کا دونوں ممالک کے مابین تجارت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس کاروبار، تجارت اور توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے وافر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاک-ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے توانائی کے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔