ہلال احمر کے زیر اہتمام یوم خواتین کی تقریب,شمالی قبرص کی سفیر دلساد سینول کی خصوصی شرکت

اسلام آباد: ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام خواتین کا عالمی دن اس عہد کے ساتھ منایا گیا کہ ترقی اور خوشحالی کے لیے خواتین کے کردار کو بڑھایا جائے گا۔خواتین کے لیے سرمایہ کاری خوشحالی میں اضافہ کے موضوع پرمنعقدہ تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک تھیں۔

چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ معاشرے کی بہتری اور قوم کی خوشحالی کے لیے خواتین کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔ہم نے ہمیشہ صنفی مساوات کا خیال رکھاہے۔

انہوں نے خواتین کی عظمت اور قومی ترقی میں خواتین کی کوششوں کو سراہتے ہوۓ محترمہ فاطمہ جناح ،محترمہ نصرت بھٹو،شہید بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کا ذکر کیا۔ہلال احمر میں صنفی امتیاز کی قطعی کوئی گنجائش نہیں خواتین ورکرز ہلال احمر کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔

تقریب میں شمالی قبرص کی سفیر دلساد سینول
نے بھی شرکت کی اور ہلال احمر پاکستان کو خواتین کے عالمی دن پر تقریب منعقد کرنے کو قابل رشک قرار قراردیتے ہوۓ سردار شاہد احمد لغاری کو خراج تحسین پیش کیا ۔

تقریب میں پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام تھا اس گفتگو میں خواتین کے قومی خوشحالی اور با اختیاری سے متعلق تجربات شیئر کرتے ہوۓ پینل اراکین نے معاشرتی بہتری،قومی خوشحالی اور ملکی ترقی میں خواتین کے بھرپور کردار کی حمایت کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں سیکرٹری جنرل ہلال احمر عبید اللہ خان نے اپنے خطاب میں صنفی مساوات،خواتین کی خدمات پر روشنی ڈالی۔

ممتاز کار ہاۓ نمایاں انجام دینے والی خواتین کو سردار شاہد احمد لغاری اور سفیر دلسادسینول نے یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں