اسلام آباد :وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے وفد نے جمعرات کو وزارت خزانہ کا دورہ کیا۔ ایتھوپیا کے وفد کی قیادت وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر ایوب ٹیکالیگن ٹولینا نے کی۔ ایتھوپیا کے وفدنے نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے ملاقات کی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنرجمیل احمد، پاکستان کی وزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر ،فریقین نے دونوں ممالک کے مالیاتی شعبے میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل، ڈاکٹر ایوب ٹولینا، سٹیٹ منسٹر آف فنانس، ایتھوپیا نے اپنے وفد کے ہمراہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت حسین سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔