اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام

اسلام آباد(سی این این اردو): اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کا راز تعلیم کے فروغ میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ شرح خواندگی میں اضافے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ، اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا عصر حاضر کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل (A) 25 کے تحت حکومت پر لازم ہے کہ وہ 5 سے 16سال تک کے بچوں کو مفت معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 23-2022 میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے تعلیم کے فروغ کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 23-2022 کے بجٹ میں تعلیم کے شعبے کے لیے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 37.3 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے یونیورسٹیوں کے قیام کے حوالے سے متعد بلز منظور کیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان، راولپنڈی کے قیام سے خطے کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کا فروغ اور شرح خواندگی کو سو فیصد تک لانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پاکستان تعلیمی میدان میں پائیدار ترقی کے ہدف ایجنڈا 2030 پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ اسکول سے باہر بچوں کو اسکولوں میں لانے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ ملک میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شرح خواندگی میں اضافے کے لیے عوام میں شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں