پائیدار انفراسٹرکچر، مضبوط کمیونٹیز ” پلوں کی خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کرنے کی تقریب کا انعقاد

اسلام آباد، پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے پروجیکٹ سروسز (UNOPS) نے منگل 29 اپریل 2025 کو اسلام آباد میں ایک شاندار تقریب کے دوران “ری برج: پائیدار انفراسٹرکچر ریکوری” منصوبے کی تکمیل اور پلوں کی خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا۔

یہ منصوبہ سوات کے علاقے بحرین اور کالام میں پیدل چلنے والوں کے معلق پلوں کی بحالی اور بہتری پر مبنی تھا، جو ابتدائی طور پر 2010 کے تباہ کن سیلاب کے بعد UNOPS نے تعمیر کیے تھے تاکہ متاثرہ علاقوں میں آمدورفت بحال کی جا سکے۔ تاہم، وقت کے ساتھ ساتھ پلوں کی حالت بگڑ گئی تھی، خصوصاً بحرین-کالام روڈ کی تعمیر اور ناکافی دیکھ بھال کے باعث۔ 2021 میں UNOPS نے پلوں کی عالمی معیار کے مطابق مرمت اور اپ گریڈنگ کا آغاز کیا، تاکہ مستقبل میں مرمت کی ضرورت کم ہو اور انفراسٹرکچر کی طویل مدتی پائیداری یقینی بنائی جا سکے۔ ساتھ ہی، ایک سرکاری محکمہ بھی نامزد کیا گیا تاکہ پلوں کی مستقل دیکھ بھال کی جا سکے۔

یہ پل اس وقت 49,700 سے زائد مقامی افراد کے لیے محفوظ آمدورفت فراہم کر رہے ہیں۔ 2022 کے ہولناک سیلاب کے دوران بھی یہی پل واحد محفوظ راستے کے طور پر استعمال ہوئے اور ہزاروں افراد کو محفوظ نقل و حرکت کی سہولت فراہم کی۔

UNOPS نے اس موقع پر بحرین کی مقامی انتظامیہ کو دو ماڈیولر اسٹیل پیدل پل بھی عطیہ کیے، جن میں سے ہر ایک کی لمبائی 55 میٹر ہے۔ یہ اقدام ایمرجنسی کی صورت میں حکومتی رسپانس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا۔

تقریب کے دوران، UNOPS نے باضابطہ طور پر پل خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کیے۔ افتتاحی خطاب میں جینیفر انکرم خان نے UNOPS کی ترقیاتی سرگرمیوں اور پائیدار انفراسٹرکچر کی فراہمی میں مہارت پر روشنی ڈالی۔ حکومتی نمائندوں، جن میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی خان اور رکن صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی شامل تھے، نے UNOPS کی خدمات کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے اختتامی خطاب میں UNOPS ساؤتھ ایشیا ملٹی کنٹری آفس کے ڈائریکٹر چارلس کالانن نے اس منصوبے کے دوران درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا:
“ری برج منصوبہ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ بحالی کا مطلب صرف پہلے جیسی حالت میں واپس آنا نہیں، بلکہ ایک بہتر، محفوظ اور مضبوط مستقبل کی طرف بڑھنا ہے۔”
انہوں نے معیار اور پائیداری کے لیے UNOPS کے عزم کو دہرایا۔

تقریب میں مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی، جن میں حکومتی نمائندے، ڈونرز، اقوام متحدہ کی ایجنسیاں، بین الاقوامی این جی اوز اور مقامی پارٹنرز شامل تھے۔

یہ تقریب نہ صرف پلوں کی باضابطہ حوالگی کا مظہر تھی، بلکہ UNOPS کی جانب سے کمیونٹیز کو بااختیار بنانے، آفات سے بحالی میں مدد اور پائیدار ترقیاتی ڈھانچے کی فراہمی کے مستقل عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں