انڈونیشین سفارتخانے میں پاکستانی کاروباری رہنماؤں کے اعزاز میں پری-سی ای او سمٹ عشائیہ

تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے انڈونیشین ناظم الامور رحمت ہندیارۃ نے 21 اگست کو اسلام آباد میں انڈونیشین سفارتخانے میں پاکستانی سی ای اوز، کاروباری رہنماؤں اور ان کے اہل خانہ کے اعزاز میں خصوصی پری-سی ای او سمٹ عشائیہ کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب سی ای او کلب پاکستان اور ورلڈ سی ای او فورم کے تعاون سے منعقد کی گئی۔

یہ خصوصی عشائیہ اسلام آباد میں 5 ستمبر 2024 کو منعقد ہونے والے متوقع سی ای او سمٹ اور 9 تا 12 اکتوبر 2024 کو ہونے والے ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا سے پہلے ہوا۔

عشائیہ میں پاکستان کے معروف کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی، جس میں آئندہ سمٹ اور تجارتی نمائش سے متعلق کلیدی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کی جستجو، نیٹ ورکنگ اور تعاون کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم مہیا کیا۔

اپنے خطاب میں انڈونیشین ناظم الامور نے کہا کہ انڈونیشیا، پاکستانی کاروباری برادریوں کو انڈونیشیا-جنوبی اور وسطی ایشیا (INASCA) بزنس فورم 2024 اور ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا 2024 میں شرکت کے مواقع فراہم کر رہا ہے، جو دونوں برادر ممالک کے لیے مفید نتائج کا باعث بنیں گے، جو انڈونیشیا اور پاکستان کے موجودہ قریبی تعلقات کے مزید عملی اقدامات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، “انڈونیشیا سی ای او سمٹ کی میزبانی بالی میں کرے گا اور پاکستانی کاروباری برادریوں کا جکارتہ اور بالی میں گرم جوشی سے استقبال کرے گا۔ ہم آپ کو مواقع فراہم کریں گے، ان شاء اللہ۔”

وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی محمد علی نے عشائیہ میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا، “میں انڈونیشین سفارتخانے کی جانب سے پری-سی ای او سمٹ عشائیہ کے انعقاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ عشائیہ کاروباری تعلقات کو مزید قریب لانے کے ساتھ ساتھ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان مزید مواقع دریافت کرے گا۔”

سی ای او کلب پاکستان اور ورلڈ سی ای او فورم کے صدر اور بانی، اعجاز نثار نے انڈونیشین سفارتخانے اور سی ای او کلب پاکستان کے درمیان سی ای او سمٹ بالی کی میزبانی کے لیے تعاون کے منصوبے کا اظہار کیا، جو کہ ورلڈ سی ای او سمٹ کا حصہ ہوگا۔

اس سیشن میں دیگر مقررین میں صدر سی ای او کلب اسلام آباد چیپٹر زاہد لطیف خان؛ منیجنگ ڈائریکٹر فلورٹ کموڈیٹیز، جناب سمیر پراچہ؛ اور سی ای او ٹی ایم ربڑ، سمیر حیات میرشامل تھے۔

شرکاء کو ناظم الامور، سفارتخانے کے دیگر عہدیداران، صنعت کے پیشہ سے وابستہ رہنماؤں اور دیگر بااثر شخصیات سے ملاقات کرنے اور مفید گفتگو اور مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین موقع ملا۔ اس تقریب نے سی ای او سمٹ اسلام آباد اور ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مضبوط بنانا اور نئے کاروباری مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس موقع پر انڈونیشین طالب علموں کی جانب سے پیش کی گئی خصوصی ثقافتی پرفامنس نے پروگرام کو مزید خوشنما بنا دیا اور شرکاء سے خوب داد وصول کی۔

سی ای او سمٹ اسلام آباد کاروباری رہنماؤں، پالیسی سازوں اور صنعت کے ماہرین کا ایک اہم اجتماع ہوگا، جس کا مقصد اہم مسائل پر غور کرنا، جدید حل تلاش کرنا اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔ ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا سمٹ کا ایک مکمل پلیٹ فارم فراہم کرے گا جہاں انڈونیشین مصنوعات، خدمات اور سرمایہ کاری کے مواقع کی نمائش کی جائے گی۔

انڈونیشین سفارتخانہ کی جانب سے شرکاء کی خدمت میں بالی کے روایتی پکوان جیسے بیٹوٹو چکن اور ساتے للیت پیش کی گئیں تاکہ بالی سی ای او سمٹ کے استقبال میں کاروباری رہنماؤں اور سی ای اوز کو بالی کی دلکشی کا تجربہ دیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں