بدھ، 25 نومبر، 2026
بریکنگ نیوز

ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم کا حجم ایک ہزار ارب سے بڑھا کر 1500 ارب روپے کر دیا: بلال اظہر

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم کا حجم ایک ہزار ارب روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ ہزار ارب روپے کر دیا ہے، جس میں سے 300 ارب روپے چھوٹے اور درمیانے درجے کے…

ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم کا حجم ایک ہزار ارب سے بڑھا کر 1500 ارب روپے کر دیا: بلال اظہر

اسلام آباد(عامرملک) وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم کا حجم ایک ہزار ارب روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ ہزار ارب روپے کر دیا ہے، جس میں سے 300 ارب روپے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیرمملکت جمعرات کے روز اسلام آباد میں پرائم انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام چھٹے پاکستان پراسپیرٹی فورم سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سال فورم کا موضوع ’’بحرانوں سے دوچار خطے میں معاشی ترقی‘‘ تھا۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک آئی ایم ایف پروگراموں کے چکر سے باہر نہیں نکل سکتا جب تک برآمدات میں مستقل بنیادوں پر اضافہ نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ برآمد کنندگان کے لیے 350 ارب روپے کی نئی طویل مدتی مالیاتی سہولت متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت مشینری کی خریداری کے لیے پہلے دو سال 2 فیصد اور اگلے آٹھ سال 5 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ برآمدی آمدن پر عائد 0.25 فیصد سرچارج بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میں آئی ایم ایف کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر ماہر بنیکی نے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام دوبارہ حاصل کر لیا ہے، تاہم کمزور معاشی ترقی کی وجوہات ساختی نوعیت کی ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں فی کس حقیقی آمدن میں سالانہ تقریباً 1.6 فیصد اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں سرمایہ کاری کا تناسب 13 فیصد سے بھی کم ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ معاشی استحکام ضروری ضرور ہے، لیکن صرف استحکام کافی نہیں، ترقی کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

اس موقع پر ماہر معاشیات رضوان راوجی نے تجویز دی کہ ٹیکسوں کی شرح کم کرتے ہوئے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائے، سرکاری اخراجات میں احتیاط برتی جائے اور نجکاری کے عمل کو آگے بڑھایا جائے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر اقتصادی مشیر لوئی ڈین نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی تحقیق کے مطابق پاکستان سالانہ تقریباً 3.8 فیصد کی شرح سے ہی معاشی ترقی برقرار رکھ سکتا ہے، اس سے زیادہ ترقی کی صورت میں درآمدات، برآمدات سے آگے نکل جاتی ہیں۔

جنرل شپنگ ایجنسیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد اے راجپر نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں نے پاکستان کی بندرگاہوں کی اضافی گنجائش اور صلاحیت کو اجاگر کیا ہے۔ ان کے مطابق تنازع کے بعد تین ماہ کے دوران گوادر بندرگاہ پر گزشتہ تین سال کے مقابلے میں زیادہ مال بردار سامان اور بحری جہاز پہنچے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی فروخت کے عمل کی پہلی تکمیل جون 2026 میں ہوئی، جس کے نتیجے میں 80 ارب روپے کی نئی ایکویٹی حاصل ہوئی، جبکہ فروخت سے 10 ارب روپے کی رقم بھی موصول ہوئی۔ ان کے مطابق مزید 90 ارب روپے جون 2027 میں حاصل ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے سکھر تک ایم 6 موٹروے منصوبے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جس کے پہلے دو حصوں کی تخمینہ لاگت 672 ملین امریکی ڈالر ہے۔ اس منصوبے کو نجی شراکت داروں کے ذریعے 25 سالہ رعایتی معاہدے کے تحت تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔

محمد علی کا کہنا تھا کہ کامیابی کا پیمانہ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت کتنے اثاثے فروخت کرتی ہے بلکہ اصل اہمیت اس معاشی قدر کی ہے جو اس عمل کے نتیجے میں پاکستان کے لیے پیدا ہوتی ہے۔

پرائم انسٹی ٹیوٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر علی سلمان نے معاشی نظام میں بہتری کے لیے پانچ اصلاحات تجویز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یہ اقدامات تکنیکی معاونت کے لیے غیر ملکی قرضے حاصل کیے بغیر بھی کر سکتا ہے۔

ان تجاویز میں پلاننگ کمیشن کی جگہ گروتھ اینڈ ریفارمز کمیشن کا قیام، بغیر کسی استثنا کے جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح یکساں طور پر 5 فیصد مقرر کرنا، وفاقی سیکریٹریز کو موجودہ تنخواہوں سے کم از کم تین گنا زیادہ معاوضے کے ساتھ تین سالہ معاہدوں پر تعینات کرنا، صوبوں میں کاروباری قوانین کو یکساں بنانا اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا خاتمہ شامل ہیں۔

ڈاکٹر علی سلمان نے ان اصلاحات کے تحفظ کے لیے 2027 میں نیا پروٹیکشن آف اکنامک ریفارمز ایکٹ متعارف کرانے کی تجویز بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ معمولی نوعیت کی اصلاحات پاکستان کے مسائل حل کرنے کے لیے کافی نہیں ہوں گی، بلکہ اس کے لیے بنیادی اور بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانا ہوں گی۔

اگلی خبر اسلام آباد میں قیمتی پتھروں اور معدنیات کی نمائش، گہما گہمی کے پیچھے سرمایہ کاروں کی حکومتی اقدامات پر تنقیدکاروبار

متعلقہ خبریں