بابا گورو نانک دیو جی کے557ویں جنم دن کی تقریبا ت کے بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے استقبال کیا

لاہور(عابد چوہدری)سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 3 ہزار کے قریب بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ واہگہ بارڈر پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی و صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ، سیکرٹری ناصر مشتاق اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی سیکرٹری جنرل ستونت کور، ممبران ڈاکٹر ممپال سنگھ،سردار تارا سنگھ،نے مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور نہایت گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سکھ یاتریوں کو کھلے دل سے خوش آمد ید کہتے ہیں ،متروکہ وقف املاک بورڈ نے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی، قیام و طعام اور مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش کے لیے مثالی انتظامات کیے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ہمارے مہمانوں کو دورانِ قیام کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ بھارت سے آئے سکھ یاتری پاکستان آمد پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور یہاں سے محبت، امن اور بھائی چارے کی حسین یادیں لے کر واپس لوٹتے ہیں۔ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور کمیٹی کے دیگر ممبران نے ان شاندار انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بھارت فوری طور پر کرتارپور رہداری کھولے ۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ، وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ انتظام بھارتی مہمانوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بورڈ کی ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدیداران ہمہ وقت یاتریوں کی خدمت پر مامور ہیں۔ مہمانوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی میڈیکل ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ بسوں کے قافلوں کے ہمراہ ریسکیو 1122 اور میڈیکل ٹیمیں ہر وقت موجود رہیں گی۔ بھارت سے ائے اکال تخت کے جتھہ لیڈر سردار کلدیپ سنگھ گڑگج نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے ،پاکستان سے عقیدت کا رشتہ ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ عزت و احترام سے نوازا جاتا ہے، پاکستان میں ہمارے گورو دوارے محفوظ اور اصل حالت میں موجود ہیں جس کے لیے وہ حکومت پاکستان، متروکہ وقف املاک بورڈ اور سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے شکرگزار ہیں۔ دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر پرمجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمارے گورو کی دھرتی ہے اور ہمیں اس سے بہت پیار ہے ۔
واہگہ بارڈر آمد پر یاتریوں کی امیگریشن اور سامان کی چیکنگ کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے، جبکہ پاکستان رینجرز کے چاک و چوبند دستوں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے اور یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے واہگہ بارڈر پر یاتریوں کے لیے کرنسی ایکسچینج کاؤنٹرز قائم کیے گئے جبکہ بورڈ کی ٹیموں نے سکھ یاتریوں کو فوری طور پر پہچان کارڈ اور بسوں کی سیٹوں کے ٹکٹ جاری کیے۔ یاتریوں کی میزبانی کے لیے معیاری اور مفت لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے اور گوردواروں میں بہترین رہائشی کمرے الاٹ کیے گئے ہیں۔ واہگہ بارڈر پر یاتریوں کے آرام و سکون کے لیے خصوصی طور پر خوبصورت پنڈال سجائے گئے ہیں جن میں نئے آرام دہ صوفے اور پرسکون ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ سکھ یاتریوں کو 3 مختلف کانوائے میں سخت سیکورٹی میں ننکان صاحب روانہ کیا گیا ۔بابا گورو نانک دیو



