پاکستان اور مالدیپ کا سیاحت، تجارت اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرے گی، پی سی بی کی جانب سے مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم اور اکیڈمی کے قیام کی تجویز پر بھی کام جاری ہے۔

اسلام آباد: پاکستان اور مالدیپ نے سیاحت، کھیل، صحت، تجارت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین کی اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات میں مالدیپ کے وزیر سیاحت نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر، صفائی کے نظام، تیز رفتار ترقی اور قدرتی خوبصورتی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد حقیقی معنوں میں ایک ٹورازم کیپٹل سٹی بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
محمد امین نے بتایا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ براہ راست پروازوں سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر آسان ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق پہلی براہ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکاروں اور دیگر نمایاں شخصیات مالدیپ جائیں گی۔ مالدیپ کے وزیر سیاحت نے کہا کہ پاکستانی شخصیات ان کے ملک میں خاصی مقبول ہیں اور ان کے دورے سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
ملاقات میں کھیلوں کے شعبے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ ان کے مطابق اسٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی تاکہ مالدیپ کے نوجوانوں کو کرکٹ کی تربیت کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
معاشی تعاون کے حوالے سے مالدیپ کے وزیر سیاحت نے کہا کہ ان کے ملک کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے افرادی قوت کی آمد کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیاء درآمد کرنے کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔
محسن نقوی نے اپنے مالدیپی ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ وہ مالدیپ کے وزیر داخلہ کے دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔
ملاقات میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

ننکانہ صاحب سے پنجہ صاحب اور کرتارپور تک: بابا گرو نانک دیو جی کی روحانی زندگی اور مقدس گردواروں کی تاریخ

متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام دیوالی کی تقریبات: اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی کی فراہمی


