اسلام آباد: پاکستان میں قائم ایرانی سفارت خانہ کی جانب سے گوادر میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر مزاحمتی بیان جاری کیا ہے۔
ایرانی سفارت خانے کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کا سفارت خانہ گوادر میں ہونے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں دو پاکستانی سیکورٹی فورسز کی شہادت ہوئی ہے”۔
ایسے بزدلانہ حملے خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں ۔ جن کا مقصد خطے کی پائیدار ترقی کو روکنا، پائیدار ترقی کے مقاصد کو متاثر کرنا اور انفراسٹرکچر کو تباہ کرنا ہے۔
ایرانی سفارت خانے نے پاکستانی فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف بروقت جوابی کارروائی کرنے پر سراہا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز گوادر پورٹ اتھارٹی پر بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور کمپلیکس کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی ۔پاکستان آرمی نے جوابی کاروائی میں تمام آٹھ دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا تھا۔