پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے بحیثیت وائس چانسلر اپنی ذمہ داریاں وفاقی اردو یونیورسٹی میں سنبھال لیں

اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ کے نوٹیفکیشن مورخہ 27 فروری 2024 ء وفاقی اردو یونیورسٹی کے آرڈیننس کی شق (4)12 کے تحت صدر مملکت و چانسلر وفاقی جامعہ اردو عارف علوی نے پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو وفاقی اردو یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کر دیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری ملکی اور غیر ملکی سطح پر ایک نامور دانشور اور ممتاز محقق کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں۔ آپ نے اپنی طویل تدریسی، تحقیقی و انتظامی خدمات کے دوران نہایت کلیدی عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری UNESCO Laureateکے اعزاز کے حامل ہیں، انہیں 2015 میں یونیسکو کی طرف سے Avicenna Prize سے نوازا گیا۔ اس کے علاؤہ حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز جیسے اعلی اعزازات بھی عطا کیے گئے۔

وفاقی جامعہ اردو میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل وہ تین پاکستانی جامعات میں وائس چانسلر کی حیثیت سے اپنی خدمات بخوبی سر انجام دے چکے ہیں۔

4 مارچ 2024ء کو شیخ الجامعہ وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس تشریف آوری پر انچارج اسلام آباد کیمپس ڈاکٹر احتشام الحق پڈا ، ایڈیشنل رجسٹرار محمد علیم رضا ، صدور تدریسی شعبہ جات اور انتظامی افسران نے پر تپاک استقبال کرتے ہوئے گلدستہ عقیدت پیش کیا۔

شیخ الجامعہ نے چارج سنبھالنے کے بعد تمام شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات کی اور ان کے شعبہ جات کے مسائل سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ محترم شیخ الجامعہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میں جامعہ اردو کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اور ان مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاؤں گا اور اگر تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون شامل حال رہا تو عنقریب جامعہ اردو ملکی وغیرملکی سطح پر ایک ممتاز تعلیمی ادارے کی حیثیت سے جانی پہچانی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں