وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے بارانی زرعی یونیورسٹی میں سٹوڈنٹس ویک کے دوران سیڈ انوویشن ایکسپو کا افتتاح کیا

راولپنڈی : پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں جاری سٹوڈنٹس ویک 2026 کے چوتھے روز مختلف علمی، سائنسی، ادبی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں نمائشیں، تکنیکی سیمینارز اور طلبہ کے علمی و ادبی مقابلے شامل تھے۔
اس روز کی اہم سرگرمیوں میں فیکلٹی آف ایگریکلچر کے شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کے زیر اہتمام ’’سیڈ انوویشن ایکسپو 2026‘‘ کا انعقاد بھی شامل تھا۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے بطور مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کے ہمراہ ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے قومی و بین الاقوامی بیج کمپنیوں، سرکاری تحقیقی اداروں اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا، جہاں بیجوں کی جدید اقسام، جدید ٹیکنالوجیز اور شعبہ بیج میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر نے زرعی ترقی میں معیاری بیج کی بنیادی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر بیج فصلوں کی پیداوار اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کا ایک اہم تعین کنندہ ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے پاکستان کے زرعی شعبے میں جدت اور ترقی کے فروغ کے لیے تحقیق پر مبنی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو چاہیے کہ وہ محققین، بیج کمپنیوں، پالیسی ساز اداروں اور کاشتکاروں کے مابین روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ تحقیقی نتائج اور عملی زرعی ضروریات کے درمیان موجود خلا کو کم کیا جا سکے اور جدید تحقیقی ٹیکنالوجیز کو کھیتوں تک منتقل کیا جا سکے۔
سٹوڈنٹس ویک کے چوتھے روز ’’ایگرو ٹیک ایکسپو 2026‘‘ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر وسیم نذیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ایکسپو میں مختلف زرعی مشینری تیار کرنے والی کمپنیوں، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے اداروں اور صنعتی کمپنیوں نے شرکت کی اور جدید زرعی مشینری، آلات اور تکنیکی حل پیش کیے۔
علاوہ ازیں، اس روز دو اہم تکنیکی سیمینارز کا بھی انعقاد کیا گیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل سائنسز کے زیر اہتمام ’’مویشیوں کی جینیاتی بہتری میں تیزی لانے کے لیے افزائشی ٹیکنالوجیز‘‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ اینڈ نیوٹریشنل سائنسز کے زیر اہتمام ’’فوڈ سکیورٹی کے فروغ میں سماجی کاروبار کا کردار: پائیدار کمیونٹیز کے لیے جدید حل‘‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

روس اور پاکستان کا 2030 تک اقتصادی تعاون کا پروگرام طے، توانائی اور خلائی شعبے میں نئی راہیں کھل گئیں

اسلام آباد منڈی موڑ پر سی ڈی اے کا گرینڈ آپریشن، تجاوزات کا مکمل صفایا

بنگلہ دیش پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرام کی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس آمد


