کراچی یونیورسٹی میں ورلڈ ہارٹ ڈے کے حوالے سے آگاہی سیشن
ماہرین کا عومتعدی بیماریوں کی روک تھام کے لیے اہم قرار

پریس ریلیز
یکم اکتوبر 2026
ماہرین کا عومتعدی بیماریوں کی روک تھام کے لیے اہم قرار
کراچی: پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (PANAH) کے یوتھ کلب کے زیرِ اہتمام کراچی یونیورسٹی میں ورلڈ ہارٹ ڈے کے حوالے سے آگاہی سیشن اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں غیر متعدی بیماریوں (NCDs)، خصوصاً امراضِ قلب کے بڑھتے ہوئے بوجھ اور صارفین کو باخبر اور صحت مند غذائی انتخاب کے قابل بنانے کے لیے فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) کے لازمی نفاذ کی فوری ضرورت پر توجہ مرکوز کی گئی۔
آگاہی سیشن میں ریگولیٹری، سائنسی، غذائیت اور عوامی صحت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی، جن میں محترمہ گل صنوبر، ڈائریکٹر اسٹینڈرڈائزیشن، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA)؛ مسٹر منور حسین، ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایکسپرٹ؛ ڈاکٹر عمر مختار تارڑ، سینئر سائنٹفک آفیسر، PCSIR؛ ڈاکٹر صائمہ اشرف، انچارج اسٹینڈرڈائزیشن سسٹم، سندھ فوڈ اتھارٹی؛ مسٹر معین دین قریشی، صوبائی پروگرام مینیجر، نیوٹریشن انٹرنیشنل سندھ فوڈ فورٹیفکیشن پروگرام؛ اور مسٹر ثناء اللہ گھمن، جنرل سیکریٹری PANAH شامل تھے۔
مقررین نے پاکستان میں ذیابیطس، موٹاپے، امراضِ قلب، بلند فشارِ خون، گردوں کے امراض اور دیگر غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر صحت بخش غذائیں اور خصوصاً چینی، نمک اور غیر صحت بخش چکنائیوں سے بھرپور الٹرا پروسیسڈ غذائی مصنوعات کا بڑھتا ہوا استعمال غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس کے باعث افراد، خاندانوں اور نظامِ صحت پر بھی مسلسل دباؤ بڑھ رہا ہے۔
محترمہ گل صنوبر نے مؤثر غذائی معیارات اور صارفین کو واضح معلومات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معیاری اور آسانی سے سمجھ آنے والی لیبلنگ ضروری ہے تاکہ عوام غیر صحت بخش غذائی مصنوعات سے وابستہ غذائی خطرات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ غذائی مصنوعات پر لیبلنگ کا نظام اپنے بنیادی مقصد کے مطابق صارفین کو بامعنی اور قابلِ فہم معلومات فراہم کرے۔
مسٹر منور حسین نے کہا کہ چینی، نمک اور غیر صحت بخش چکنائیوں کی زیادہ مقدار رکھنے والی غذاؤں کا ضرورت سے زیادہ استعمال پاکستان میں غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) خریداری کے مقام پر صارفین کو سادہ، نمایاں اور آسانی سے سمجھ آنے والی معلومات فراہم کر سکتے ہیں، جس سے وہ اہم غذائی اجزاء کی زائد مقدار رکھنے والی مصنوعات کی شناخت کرکے صحت مند انتخاب کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹریشن پروفائل ماڈل (NPM) ان غذائی مصنوعات کے لیے ایک حد مقرر کرتا ہے جن پر وارننگ لیبلز عائد کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ FOPWLs صحتِ عامہ کا ایک اہم اقدام ہیں، جو صارفین کو بغیر کسی تفصیلی غذائی معلومات کے ایسی مصنوعات کی فوری شناخت میں مدد دیتے ہیں جن میں چینی، نمک اور غیر صحت بخش چکنائیوں کی مقدار زیادہ ہو۔
مسٹر ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے حکومتی اداروں، جامعات، طبی ماہرین، سول سوسائٹی اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور متعلقہ صوبائی حکام پر زور دیا کہ لازمی فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے فوری اور مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جائے اور منظور شدہ وارننگ لیبلز کے نظام کو عملی شکل دینے میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اور جامعات صحت مند غذائی ماحول کے فروغ، عوامی آگاہی پیدا کرنے اور صحت مند انتخاب کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ورلڈ ہارٹ ڈے کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیشن کے بعد PANAH کے زیرِ اہتمام کراچی یونیورسٹی میں آگاہی واک بھی منعقد کی گئی، جس میں طلبہ اور دیگر شرکاء نے صحت مند غذا، دل کی صحت اور غیر متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے عوامی آگاہی پیدا کرنے کے لیے شرکت کی۔
PANAH نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ریگولیٹری طریقہ کار کے تحت لازمی فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے نفاذ کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کیا جائے اور صوبائی حکومتوں و متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ مؤثر عمل درآمد اور عوامی آگاہی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ تنظیم نے زور دیا کہ غذائی مصنوعات پر بروقت وارننگ لیبلز کا نفاذ صارفین، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کو غذائی عادات سے پیدا ہونے والی غیر متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور آنے والی نسلوں کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

اٹلی بڑے منصوبے کے زریعے پاکستان میں زیتون کی صنعت کے قیام اور استحقام کے لیے کوشاں ہے

غذائی تحفظ کے استحکام کے لیے ایگری ٹیک اور تحقیق کا فروغ ناگزیر ہے: پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان

مراکش اور فرانس کے درمیان ’مضبوط غیر معمولی شراکت داری‘ کی تجدید: صویرہ میں ناصر بوریطہ اور ژاں نوئل بارو کی اہم سفارتی ملاقات


