اٹلی بڑے منصوبے کے زریعے پاکستان میں زیتون کی صنعت کے قیام اور استحقام کے لیے کوشاں ہے
پاکستان میں زیتون کی صنعت تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور زرعی شعبے میں تنوع پیدا کرنے، مقامی سطح پر زیتون کے تیل کی پیداوار بڑھانے، کسانوں کی معاشی بہتری اور صحت بخش غذائی رجحانات کو فروغ دینے کے لیے اس شعبے…

اسلام آباد(عامر ملک)پاکستان میں زیتون کی صنعت تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور زرعی شعبے میں تنوع پیدا کرنے، مقامی سطح پر زیتون کے تیل کی پیداوار بڑھانے، کسانوں کی معاشی بہتری اور صحت بخش غذائی رجحانات کو فروغ دینے کے لیے اس شعبے میں نئے امکانات سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان اور اٹلی کے درمیان جاری تکنیکی و ترقیاتی تعاون زیتون کی کاشت، جدید پیداواری طریقوں، تیل کی پراسیسنگ، معیار کی بہتری اور صنعت سے وابستہ افراد کی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اطالوی ماہر ڈاکٹر فرانسسکو ڈی موسو، موسمیاتی تبدیلی اور کمیونٹی امور کی ماہر ڈاکٹر فوزیہ کنول اور زیتون کاشتکار سعد بھٹی نے جمعہ کے روز اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس منعقد کی.
اولیو کلچر اسکیل اَپ منصوبے کے زیر اہتمام منعقدہ اس کانفرنس میں انہوں نے زرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کو بتایا کہ اسلام آباد میں 11 دسمبر سے اٹلی کے ترقیاتی فنڈ کے تحت قومی زیتون میلہ منعقد کیا جائے گا.
۔مقررین نے کہا کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ، مقامی سطح پر زیتون کے تیل کی کشید، کی استعداد میں اضافے اور پیداواری معیار بہتر بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔ زیتون کی صنعت کو محض زرعی سرگرمی تک محدود رکھنے کے بجائے ایک مکمل معاشی و تجارتی شعبے کے طور پر ترقی دینے کے لیے اطالوی منصوبہ جاری ہے، جس میں کاشتکاروں، پراسیسنگ یونٹس، مارکیٹنگ اداروں اور صارفین کے درمیان مضبوط روابط قائم کیے جائیں تاکہ مقامی پیداوار کو بہتر منڈی اور مناسب تجارتی مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ زیتون کی صنعت کی پائیدار ترقی کے لیے پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ صارفین میں مقامی زیتون کے تیل کے استعمال کے حوالے سے اعتماد پیدا کرنا، اس کی غذائی خصوصیات سے آگاہ کرنا اور اسے روزمرہ خوراک کا حصہ بنانے کی ترغیب دینا بھی ناگزیر ہے۔ پاکستان میں تیار ہونے والے زیتون کے تیل کی افادیت، معیار اور استعمال کے بارے میں درست معلومات عام کرنے سے مقامی مصنوعات کی طلب میں اضافہ اور ملکی صنعت کو تقویت مل سکتی ہے
مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ صحت بخش غذائی عادات کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی مہمات، مستند غذائی معلومات اور مقامی سطح پر دستیاب معیاری مصنوعات کے استعمال کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صارفین میں شعور پیدا کرنا زیتون کی صنعت کے لیے نئی منڈیوں کی تشکیل اور مقامی پیداوار کی کھپت بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 11 سے 13 دسمبر 2026 تک اسلام آباد میں قومی زیتون میلہ منعقد ہوگا۔ تین روزہ قومی میلے میں زیتون کے کاشتکاروں، زیتون کے تیل کے پروڈیوسرز، پراسیسنگ سے وابستہ اداروں، کاروباری شخصیات، متعلقہ ماہرین اور صارفین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ یہ میلہ زیتون کی صنعت سے وابستہ مختلف حلقوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے، اپنی مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط قائم کرنے اور مقامی زیتون کے تیل کی مارکیٹ کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرے گا۔
پاکستان اور اٹلی کے درمیان یہ تعاون تکنیکی معاونت کا منصوبہ، ادارہ جاتی استعداد میں اضافے، جدید زرعی طریقوں کے فروغ، پیداواری معیار بہتر بنانے اور زیتون کی صنعت سے وابستہ افراد کی مہارتوں میں اضافے کے لیے جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

غذائی تحفظ کے استحکام کے لیے ایگری ٹیک اور تحقیق کا فروغ ناگزیر ہے: پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان

مراکش اور فرانس کے درمیان ’مضبوط غیر معمولی شراکت داری‘ کی تجدید: صویرہ میں ناصر بوریطہ اور ژاں نوئل بارو کی اہم سفارتی ملاقات

پاک ترک معارف اسلام آباد میں ترکیہ کے 103ویں یومِ جمہوریہ کی تقریب


