کویت میں ڈرون حملے میں دو اطالوی ٹیکنیشن ہلاک، پاکستانی اور کویتی شہری زخمی
کویتی وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے متعدد ڈرون مار گرائے، ایران نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی

کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل کے لیے کام کرنے والے دو اطالوی ٹیکنیشن ہلاک جبکہ ایک پاکستانی اور ایک کویتی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
کویتی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل سعود العطوان کے مطابق 26 نومبر کو ہونے والے حملے میں ڈرون طیاروں نے اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم کویت کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ڈرون مار گرائے۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈرونز کے ملبے گرنے سے دو اطالوی، ایک پاکستانی اور ایک کویتی شہری زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں دونوں اطالوی شہری دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تایانی نے بھی دونوں شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ کویت میں فضائی دفاعی نظام پر کام کر رہے تھے۔ ان کے مطابق حملے میں فوجی تنصیبات، بشمول فضائی دفاع کے ریڈار مرکز، کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب ایران نے کویت پر ڈرون حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کویتی اور اطالوی ہم منصبوں سے رابطہ کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی۔ ایرانی مسلح افواج نے بھی حملے سے متعلق الزامات کو مسترد کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کویت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق سیکریٹری جنرل نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو علاقائی امن و سلامتی کو مزید خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
انتونیو گوتریس نے خبردار کیا کہ خطے میں دوبارہ جنگی کارروائیوں کے نتائج مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر بھی سنگین ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔

متعلقہ خبریں

مراکش اور رومانیہ کے سفارتی تعلقات میں مزید استحکام: سفیر فواد یزورح کی رومانیہ کی اسٹیٹ سیکرٹری کلارا اسٹائیکو سے ملاقات

سینٹ لوشیا کا مراکش کی علاقائی سالمیت اور صحارا خودمختاری منصوبے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

برونڈی کا تاریخی موقف: مراکش کی علاقائی سالمیت اور صحارا پر مکمل خودمختاری کی غیر مشروط حمایت


