آفات کی پیشگی اطلاع کے لیے خلائی ٹیکنالوجی، اقوام متحدہ کا حکومت سے اشتراک
اسلام آباد: پاکستان اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے خلائی امور کی مشترکہ بین الاقوامی کانفرنس دوسرے روز بدھ کو بھی جاری رہی. سیلاب کی پیش گوئی، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب، موسمیاتی تبدیلیوں کی…

اسلام آباد(عامر ملک)
اسلام آباد: پاکستان اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے خلائی امور کی مشترکہ بین الاقوامی کانفرنس دوسرے روز بدھ کو بھی جاری رہی. سیلاب کی پیش گوئی، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب، موسمیاتی تبدیلیوں کی نگرانی اور قدرتی آفات سے قبل بروقت اطلاع فراہم کرنے کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور کیا گیا۔اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں جاری پانچ روزہ کانفرنس کا انعقاد پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے خلائی امور (UNOOSA)، انٹر اسلامک نیٹ ورک آن اسپیس سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اور ایشیا پیسیفک اسپیس کوآپریشن آرگنائزیشن کے اشتراک سے کیا ہے۔ کانفرنس میں 20 ممالک سے تقریباً 250 ملکی و غیر ملکی مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔
کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر ڈاکٹر احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے موسمیاتی تبدیلیوں کی نگرانی، قدرتی آفات کے خطرات کا جائزہ لینے اور اہم معلومات کی بروقت فراہمی میں سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط بنا سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے خلائی امور، کے نمائندوں نے بھی پائیدار ترقی اور آفات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ کانفرنس کے دوسرے روز تکنیکی اجلاسوں میں سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کی نگرانی، سیلاب کی پیش گوئی، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے پیدا ہونے والے سیلاب کی پیشگی اطلاع، آبی ذخائر کی نگرانی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر خلیل ہاشمی نے قدرتی آفات کے خطرات کے حوالے سے پاکستان کا نقطۂ نظر پیش کیا، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے مبشر حسین نے پاکستان کے قومی آفات کے خطرات کے ماڈل پر بریفنگ دی۔ انہوں نے خطرات کی بنیاد پر منصوبہ بندی اور مستند معلومات کی روشنی میں فیصلے کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔ کانفرنس میں قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے لیے سینڈائی فریم ورک پر پاکستان کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سائنسی شواہد، اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور جغرافیائی معلوماتی ٹیکنالوجی کے ذریعے آفات سے نمٹنے کے نظام کو بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔ کانفرنس کے پروگرام میں سیلاب کے خطرات کی ماڈلنگ، موسمیاتی نگرانی، زراعت اور آبی وسائل کا جائزہ، موسمیاتی خطرات کے لیے مالی معاونت اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے قدرتی آفات کی نشاندہی جیسے موضوعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پیرس موسمیاتی معاہدے اور قدرتی آفات میں کمی کے عالمی فریم ورک پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ شرکا نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا تکنیکی دورہ بھی کریں گے۔ کانفرنس میں کارروائی کا خلاصہ پیش کیا جائے گا اور سپارکو کے اسپیس فار کلائمیٹ منصوبے پر بریفنگ دی جائے گی۔ پروگرام میں پاکستان اور قازقستان کی مشترکہ کلائمیٹ لیبارٹری کے افتتاح کا منصوبہ بھی شامل ہے، جس کا مقصد موسمیاتی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔
۔ منتظمین کے مطابق کانفرنس کا مقصد خلائی ٹیکنالوجی سے حاصل ہونے والی معلومات کو قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور خطرات کے جائزے کے لیے استعمال کرنا، اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا اور محفوظ معاشرے کی تشکیل میں مدد فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

نسٹ اور امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کا مشترکہ اقدام: پاسپورٹ ڈیٹا سیکیورٹی کے لیے مقامی مائیکروچپ ٹیکنالوجی پر اتفاق

اسلام آباد میں بین الاقوامی APT سمپوزیم کا آغاز: علاقائی رہنماؤں نے ڈیجیٹل شمولیت کا روڈ میپ پیش کر دیا


