این ڈی ایم اے اورآفادکے درمیان آن لائن پاک-ترک بین الاقوامی فرضی مشقو ں کا انعقاد

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)اور ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (آفاد)کے زیر اہتمام آنلائین بین االاقوامی فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ مشقوں کا مقصد سیلاب، زلزلہ اور دیگر ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے مشاورت اور ضروری اقدامات کرنا تھا۔

اپنی نوعیت کی اس پہلی مشق میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کوفروغ دینے،قدرتی آفات سے نمٹنے کے صلاحیتی دائرہ کار میں اضافے اورآفات کے خطرات کے تدارک کے حوالے سے ضروری اقدامات پر غور کیا گیا۔شراکا ء کے سامنے شدید سیلاب،تباہ کن زلزلوں اور ایمرجنسی حالات کے مختلف منظر نامے پیش کیئے گئے اور ان سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل اور حکمت عملی کی تشکیل کے حوالے سے بھی بحث ہوئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے آفات کے دوران دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے تیاری اور ایک فعال نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ مشقیں ہنگامی صورتحال میں موئثر اور بروقت ردعمل میں معاون ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کی بر وقت تیاری میں بھی مددگارثابت ہوں گی۔

آفاد کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ برائے ریسپانس، پلان اینڈ ایکسرسائز یوسف آئیسونے فرضی مشقوں کے انعقاد پر این ڈی ایم اے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مشقوں نے شراکا ء کو آفات سے نمٹنے کے حوالے سے قابل قدر تجربہ اور معلومات فراہم کی ہیں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں پاکستان اور ترکی کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

فرضی مشقوں کی کامیاب تکمیل پاکستان اور ترکی کے درمیان بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کڑی ثابت ہو گی اور دونوں ممالک مستقبل کی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بہتر طور پرتیاری کر سکیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں