صدر مملکت کا ہجری سالِ نو 1446 ھ کے موقع پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے ہجری سال نو 1446 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو نئے اسلامی سال کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اللہ تعالیٰ اس ہجری سال کو ملک کیلئے امن ، خوشحالی اور استحکام کا باعث بنائےمحرم الحرام اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت اور فضیلت کا حامل ہے محرم الحرام میں عبادات کو خصوصی فضیلت حاصل ہے،اللہ تعالیٰ نے اس مہینے میں بندگی کے کاموں میں مشغول ہونے کی تلقین فرمائی
اسلامی سال کا آغاز گناہوں سے بچنے ، اتباعِ الٰہی ، اسلامی تعلیمات پر غور کرنے کی یاددہانی کراتا ہے،

محرم حضرت امام حسین اور ان کے وفا شعار ساتھیوں کی دین کی سرفرازی کی خاطر لازوال قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے محرم سبق دیتا ہے کہ دین کی سربلندی کی خاطر جدوجہد ہی اصل مقصدِ حیات ہے،

حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے بے سروسامانی کے عالم میں ظلم اور طاغوتی طاقتوں کے مقابلےمیں جانوں کا نذرانہ پیش کیا، حضرت امام حسین اور ان کے ساتھی ظلم و استبداد کے خلاف جدوجہد میں قربانی اور استقامت کے استعارے کے طور پر امر ہوگئے،
محرم اطاعتِ الٰہی ، ظلم کے خلاف ڈٹ جانے ، حق کی فتح کی خاطر بڑی سے بڑی مصیبت کے باوجود ثابتِ قدم رہنے کا درس دیتا ہے ،
نیا سال اپنی زندگیوں ، طرزِ عمل پر غور ، انہیں اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کا موقع فراہم کرتا ہے ،ہمیں اپنے اندر حق و باطل میں تفریق ، دین کی صحیح تعلیمات کے متعلق فہم اور شعور پیدا کرنا ہوگا،

ہم سب کو چاہیے کہ اپنے اندر اخوت، صبر اور برداشت کی خصوصیات پیدا کریں باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی یکجہتی اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا.اللہ تعالی ملکِ پاکستان کو ہر قسم کی آفات اور مصائب سے محفوظ اور مامون فرمائے اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی زندگیاں اسلامی اصولوں کے مطابق بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے،آمین

اپنا تبصرہ لکھیں