پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخواہ صوبے میں آزاد صحافت کے لیے تنگ ہوتی زمین پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں صحافیوں کے خلاف پرتتشدد واقعات میں اضافہ ناقابلِ برداشت ہے۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ متاثر صحافی اپنے خلاف ہونے والے مظالم کا ذمہ دار خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ سمیت صوبے کی حکمران جماعت کو قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں پر مظالم کے ذریعے صحافت کو دبانا فسطائیت پسند گروہوں کا وطیرہ ہوتا ہے۔
پارثی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد صحافت سے انتہائی خوفزدہ اور عوام سے بُری طرح مایوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے لیے ہمیشہ غیر جمہوری ہتھکنڈے اختیار کرنا اور سازشیں کرنا پی ٹی آئی کی پہچان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی خاطر گرنے کے لیے پی ٹی آئی کی کوئی حد نہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ خیبرپختتونخواہ میں صحافیوں پر مظالم کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزادیِ صحافت میں یقین رکھتے ہیں اور کسی کو صحافت کا گلا دبانے نہیں دیں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ خیبرپختونخواہ میں صحافیوں کے تحفظ اور صحافت کی آزادی کے لیے متعلقہ ادارے اور پارلیمان اپنا کردار ادا کریں۔