اتوار کے روز دوپہر 1:45 پر راولاکوٹ جیل سے 19 قیدی جیل توڑ کر فرار ہوئے۔اس دوران جیل کے عملہ کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک قیدی زخمی ہو گیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوے مقامی ہسپتال میں ہلاک ہو گیا۔
سیکریٹری اطلاعات آزاد کشمیر کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے فوری طور پر چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو حکم دیا کہ آزادکشمیر پولیس کے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوے مفرور قیدیوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔
آزاد کشمیر بھر میں پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ اینڈ سویپ آپریشن شروع کر دیا ہے۔پنجاب اور دوسرے صوبہ جات ،گکگت بلتستان اور اسلام آباد کی پولیس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے،۔
سیکریٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے غفلت اور لاپرواہی برتنے پر راولاکوٹ جیل کے سپرنٹینڈنٹ اور دیگر حکام اور اہلکاران کو معطل کر دیا ہے۔غفلت اور ملی بھگت کے مرتکب اہلکاران بشمول ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ جیل کو راولاکوٹ پولیس نے گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کو او ایس ڈی کرتے ہوے محکمہ سروسز کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے حکومت آزادکشمیر نے معزز چیف جسٹس عدالت عالیہ کو جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کیلیے تحریک کی ہے.