ڈینگی کے تدارک کے لیے راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس

ڈینگی کے تدارک کے لئے اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا. چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور کمشنر راولپنڈی عبدالامیر خٹک نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی.اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور دونوں شہروں کی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے باونڈری ایریاز میں ڈینگی کے تدارک کے لئے ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا. ورکنگ گروپ میں سی ڈی اے کے ڈی جی واٹر منیجمنٹ، انوائرمنٹ، سینیٹیشن اور آئی سی ٹی کے متعلقہ افسران شامل ہوں گے. اسی طرح راولپنڈی انتظامیہ کی جانب سے ایم ڈی واسا، پی ایچ اے، راولپنڈی ویسٹ مینجمٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ افسران اس گروپ میں شامل ہونگے.

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ باونڈری ایریاز میں واقع قبرستان، کباڑ خانوں، گرین بیلٹس اور ڈینگی کی افزائش کی ممکنہ جگہوں پر مشترکہ کاروائیاں کی جائیں گی.

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اپنے علاقے میں ڈینگی کے تدارک کے لئے اقدامات کرے گا. محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے اسلام آباد انتظامیہ اور راولپنڈی انتظامیہ ون یونٹ کے طور پر کام کرے گی اور ضرورت پڑنے پر راولپنڈی کے افسران اسلام آباد اور اسلام آباد کے افسران راولپنڈی کی حدود میں انسداد ڈینگی کاروائیاں کریں.

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ گورننس سے متعلقہ مسائل ڈینگی کے تدارک کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو متاثر نہ کریں. انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی تمام لیباٹریز، ہسپتال اور ڈسپنسریز ڈینگی کیس رپورٹ ہونے پر انتظامیہ کو اطلاع کریں بصورت دیگر اطلاع نہ کرنے والی لیب یا ہسپتال کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کے لئے مزید افرادی قوت فراہم کی جائے.

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کنسٹرکشن میٹریل کو کھلی جگہ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تمام سرکاری اور کمرشل عمارتوں کے ملبے کو کنٹینرز میں ڈالا جائے تاکہ ڈینگی کی ممکنہ افزائش پر قابو پایا جاسکے.

کمشنر راولپنڈی عبدالامیرخٹک نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام افسران ملکر کام کریں گے اور ڈینگی سمیت واسا، سالڈ ویسٹ، پولیو اور دیگر تمام ایشوز پر ملکر کام کریں گے.

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر میں ڈینگی کے تدارک کے لئے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اب تک اسلام آباد میں 9 ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں. اسی طرح غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں