قلعہ دیدار سنگھ سے اٹلی لے جانے کا جھانسہ دے کرنوجوان کو ایران میں اغوا کر لیا گیا تاوان طلب

ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل کو قلعہ دیدار سنگھ کے رہائشی کاشف نامی نوجوان کے اہل خانہ کی جانب سے دی جانے والی درخواست کے مطابق انسانی سمگلروں کی بھینٹ چڑھنے والا کاشف ولد خالد قوم راجپوت سیالکوٹ سے بذریعہ ہوائی جہاز دبئی اور بعد ازاں دبئی سے ایران پہنچا۔ ایران میں اسے ایک اور نوجوان کے ہمراہ ایجنٹوں نے اغوا کر لیا نوجوان کے اہل خانہ کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق اب ان سے تاوان کی مد میں فی آدمی 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

مغوی نوجوان کاشف کے لواحقین کا کہنا ہے کہ کاشف کو اصغر ملہی نامی انسانی سمگلر نے اٹلی جانے کے سہانے خواب دکھا کر زندگی کا کل اثاثہ لاکھوں روپے ہتھیا لیے اور ایران میں دوسرے دوست کے ہمراہ اغوا کر لیا۔اب اصغر ملہی اپنے ساتھیوں سمیت کاشف کی برہنہ پر تشدد ویڈیوز اہل خانہ کو بھیج کر بھاری رقم کا تقاضا کر رہا ہے کاشف کے بھائی فرحان کے مطابق ایف آئی اے سرکل گوجرانوالہ کو درخواست دینے کے باوجود ابھی تک کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔

متاثرہ خاندان کا موقف ہے کہ ملزم انتہائی بااثر اور پراعتماد ہے کہ اس کا کوئی بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ پرتشدد ویڈیوز کے سبب انتہائی پریشان ہیں انھوں نے آرمی چیف اور وزیر داخلہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ مغوی کاشف اور دوست کو جلد بازیاب کرایا جائے اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے

اپنا تبصرہ لکھیں