جمعرات کے روز اسلام آباد پریس کلب کے سامنے ایک انوکھے اور خوبصورت احتجاجی مظاہرے نے شہریوں کی توجہ کو اپنی طرف مبذول کر لیا۔
اپنے مطالبات کی منطوری کے لیے مظاہرین نے موسیقی اور رقص کی محفل سجا لی۔پریس کلب کے سامنے اس میدان میں برسوں سے احتجاجی مظاہرے منعقد ہوتے رہے ہیں۔
اس موقع پر خیبر پختنون خواہ کےضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کے رقص اور موسیقی سے لطف اندوز ہونے کے لیے بیسیوں شہری جمع ہو گئے۔
مظاہرین نے اپنے علاقائی رقص کے زریعے اپنے مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا۔مروت بٹینی اتحاد کے مظاہرین نے سی این این اردو سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مطالبات کو دہرایا۔
مظاہرہ میں شریک انعام خان نے کہا کہ لکی مروت ضلع سے بڑی مقدار میں معدنی گیس نکالی جاتی ہے۔جبکہ ضلع کے عوام گیس کی سہولت اور اس کی آمدنی سے محروم ہیں۔
جبکہ لکی مروت سیمنٹ فیکٹری علاقے سے بڑی مقدار میں معدنیات حاصل کر کے کاروبار کر رہی ہے۔مروت بٹینی اتحاد سیمنٹ فیکٹری کی طرف سے علاقے کی فلاح اور ترقی کےلیے بجٹ مخصوص کروانے کا مطالبہ کرتا ہے۔