راولپنڈی و اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ بلوچستان یکجہتی فورم کے سیمینار کو رکوانے کے لیے پریس کلب انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے اور صدر پریس کلب عبد الخالق رند کی جانب سے ناجائز مطالبہ مسترد کرنے پر پریس کلب کوئٹہ کو تالا لگانے کو بدترین حکومتی بوکھلاہٹ اور سرکاری دہشت گردی قرار دیا ہے۔
صدر آر آئی یو جے طارق علی ورک، سیکریٹری آصف بشیر چودھری، فنانس سیکریٹری ندیم چودھری اور مجلس عاملہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پہلے ہی آزادی صحافت کے انڈیکس میں آخری نمبروں پر موجود اور صحاف کے لیے خطرناک ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔
آر آئی یو جے نے پریس کلب پر تالا بندی کو غیر معمولی واقعہ قرار دیتے ہوئے صحافتی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا ہے۔ آر آئی یو جے نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کے فوری نوٹس لینے اور جوڈیشل تحقیقات کے زریعے ڈپٹی کمشنر اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین محکمانہ اور قانونی کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔