وزیراعظم سیکرٹریٹ میں جمعرات کے روز
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیرصدارت آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے آزادکشمیر کابینہ اور عوام کی جانب سے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور ان کی کابینہ کا آزادکشمیر کے عوام کے لئے 23 ارب روپے کے تاریخی پیکیج دینے پر شکریہ ادا کیا.
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ روشن اور خوشحال پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے. کشمیریوں کا پاکستان سے ایک مضبوط اور لازوال رشتہ ہے جو کبھی بھی کمزور نہیں ہو سکتا. انوار الحق چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے دو دن قبل پیکیج دیا اور آج اس پر عملدرآمد ہو گیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر گامزن ہے اور ایک سال میں ایک گاڑی بھی نہیں خرید کی گئی. انہوں نے کہا کہ 10 ارب سے سوشل پروٹیکشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا ہے جس کے تحت آزادکشمیر میں بیوہ, یتیموں, بے سہارا, طلاق یافتہ اور معذور افراد کو ان کی دہلیز پر مالی امداد فراہم کی جائے گی. وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بیروزگاری کے خاتمے کیلیے 3 ارب روپے کی لاگت سے آزادکشمیر کے ہنرمند نوجوانوں کے لئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کر رہے ہیں جس کے تحت ان کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کوئی روزگار حاصل کر سکیں۔