نو تعینات شدہ آئی جی اسلام آباد شہریوں کو مہنگاپڑ گیا۔مفت فراہم کی جانے والی خدمات پر فیسوں کا اطلاق کر دیا گیا۔اسلام آباد پولیس نے اپنے شہدا اور غازیوں کی بہبود کے لیے اسلام آباد پولیس کے خدمت مراکز میں مہیا کی جانے والی سروسز پر فیسوں کا اطلاق کر دیا ۔
منگل کے روز ترجمان اسلام آباد کہ طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پولیس کی تمام سروسز میں بہتری لانے، انہیں مزید ڈیجیٹائز کرنے کے لئےصوبوں کی طرز پر فیسوں کا اطلاق کیا گیا ہے۔
یہ اقدام اس لئے کیا جارہا ہے کہ اسلام آباد میں خدمت مراکز کا جال بچھایا جائے۔اور اس طرح سے حاصل شدہ آمدنی سے نہ صرف خدمت خلق کے مختلف پراجیکٹس پر کام کیا جائے گا بلکہ شہدائے پولیس کی ویلفئیر کا بھی بھرپور انتظام کیا جائے گا۔
پولیس سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ کے لیے ایک ہزار روپے، عام تصدیق کے لیے ایک ہزار روپے، غیر ملکی شخص کی تصدیق کے لیے ایک ہزار روپے وصول کیئے جائیں گے۔
جبکہ کار کی فرانزک رپورٹ کے 3500 روپے وصول کیئے جائیں گے۔اسی طرح موٹرسائیکل کی تصدیق ایک ہزار اور کار کی تصدیق 1500 میں فراہم کی جائے گی۔