ریاض، سعودی عرب (صدیق انظر) فیوچر منرلز فورم (Future Minerals Forum – FMF) 2026 سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے، جس میں دنیا بھر سے حکومتی رہنماؤں، سرمایہ کاروں، صنعتی ماہرین اور پالیسی سازوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ یہ عالمی فورم 13 سے 15 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔

فورم میں مائننگ، معدنی وسائل، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی جیسے اہم موضوعات پر عالمی سطح کے مذاکرات، شراکت داریوں اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، سوموار کے روز فورم کا باضابطہ آغاز اعلیٰ سطحی پالیسی سیشنز اور افتتاحی اجلاس سے ہوا، جس میں مختلف ممالک کے وزراء، عالمی اداروں کے نمائندوں، سرمایہ کاروں اور صنعتی قائدین نے خطاب کیا۔ سیشنز میں عالمی معدنی منڈی، سرمایہ کاری کی اہمیت اور ٹیکنالوجی میں جدت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فورم کے دوران تجارتی نمائشیں (Exhibitions)، نیٹ ورکنگ سیشنز اور بزنس ٹو بزنس (B2B) ملاقاتیں بھی منعقد کی گئیں، تاکہ شرکاء نئی شراکت داریاں، معاہدے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر سکیں۔
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل H.E. بندر ابراہیم الخریف فورم کی نمایاں اور کلیدی شخصیات میں شامل ہیں۔ تقریب میں مختلف ممالک کے وزراء، سرمایہ کاری کے قائدین اور توانائی و معدنیات کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیداران نے اپنے وژن اور منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
پاکستان کی نمایاں شرکت
پاکستان نے بھی فیوچر منرلز فورم 2026 میں بھرپور شرکت کی ہے۔ وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم و معدنیات علی پرویز ملک پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ پاکستانی وفد نے سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معدنیات اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں تیتھیان بیلٹ (Tethyan Belt) اور ریکو ڈیک جیسے اہم معدنی منصوبوں سمیت مختلف سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت کی گئی، جبکہ سعودی عرب کی جانب سے تعاون کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
فورم میں قائم پاکستان پویلین (Pakistan Pavilion) خاص توجہ کا مرکز رہا، جہاں پاکستان کے معدنی وسائل، جیو لاجیکل ڈیٹا اور سرمایہ کاری کے امکانات کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا، جسے سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل نے بھی سراہا۔