اہلِ بیتؑ کا کوئی مشن خواتین کے بغیر مکمل نہیں ہوتا: بین الاقوامی مذہبی اسکالر ذکیہ نجفی

راولپنڈی : واہ کینٹ میں اسلام اسوۂ زندگی فورم کے زیر اہتمام نویں سالانہ سیدہ النساء العالمین خواتین کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس کا موضوع “سیرتِ جناب فاطمہ الزہراؑ کی روشنی میں دورِ حاضر کی متوازن خاتون” تھا، جو پاکستان میں خواتین کے سماجی، دینی اور فکری کردار پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

کانفرنس میں شرکاء کے لیے متنوع اور بامقصد سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں: شاعری، منقبت اور قصائد ، تعلیمی کوئز اور بچوں کے لیے کوئز کارنر ،ٹیبلوز

ہنرمند خواتین کی کشیدہ کاری پر مشتمل اسٹالز

درس، سوال و جواب سیشن

مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔غزہ کے مظلوم بچوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک ویڈیو ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی، جس میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا پیغام شامل تھا۔

سوال و جواب سیشن میں محترمہ ذکیہ نجفی، محترمہ گل زہرہ رضوی اور محترمہ ڈاکٹر تراب صاحبہ نے شرکت کی۔ بین الاقوامی مذہبی اسکالر ذکیہ نجفی نے خواتین قیادت سے متعلق سوال کے جواب میں کہا:

“جب دعا بحقِ فاطمہؑ ہو تو خود کو لاچار نہ سمجھیں۔ اہلِ بیتؑ کا کوئی مشن خواتین کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔” انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ الزہراؑ کے خواتین سے مکالمے، خطابات اور منسوب دعائیں تاریخ کا روشن باب ہیں اور کربلا کو زندہ رکھنے میں بھی خواتین کا کردار بنیادی ہے۔

تربیتِ اولاد اور ازدواجی زندگی

ماں کی تربیت سے متعلق سوال پر ذکیہ نجفی نے کہا کہ: “خواتین کو اپنی اولاد کی تربیت بی بی فاطمہؑ کے اسوہ کے مطابق کرنی چاہیے۔”

شوہر کی اطاعت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ شوہر کی اطاعت واجب ہے، تاہم عورت اپنی جان، عبادات اور اخلاقی تحفظ کے معاملے میں پابند نہیں اور نہ ہی شوہر کی برائیوں کو اولاد میں منتقل ہونے دے۔

سوشل میڈیا اور پیشہ ورانہ زندگی

سوشل میڈیا اور بناؤ سنگھار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں وقت اور حالات کے مطابق احکامات دیے گئے ہیں۔
انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ: سوشل میڈیا کا مثبت اور متوازن استعمال کریں، محض تنقید کے بجائے تعلیم اور ترقی پر توجہ دیں
اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر شناخت بنائیں

گل زہرہ رضوی کا پیغام

محترمہ گل زہرہ رضوی نے سوشل میڈیا پر کامیابی کے حوالے سے کہا کہ محنت، تعلیمی تجسس اور مسلسل جدوجہد کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔
انہوں نے واقعہ باغِ فدک پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اس کی تاریخی اور شرعی حیثیت بھی واضح کی۔

ڈاکٹر تراب صاحبہ نے خواتین کی ذہنی، نفسیاتی اور جسمانی صحت سے متعلق سوالات کے جامع اور تسلی بخش جوابات دیے۔

صدر ادارۂ حسینیہ محترمہ یاسمین عسکری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، جبکہ سیکرٹری ادارۂ حسینیہ محترمہ رافیہ ہمدانی نے انتظامات احسن انداز میں سرانجام دیے۔
آخر میں مہمانوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں