اسلام آباد — پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری (PAEI) کے بانی چیئرمین خورشید برلاس نے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان سے ان کے سفارت خانے میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، نمائشوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
خورشید برلاس نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں رواں سال 23 سے 27 ستمبر تک ہونے والی “میڈ اِن پاکستان نمائش“ کو غیر معمولی پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام اور حکومت کی جانب سے ملنے والے تعاون نے پاکستان کے لیے دوستی اور احترام کے جذبات کو مزید مستحکم کیا ہے، اور آئندہ بھی بنگلہ دیش میں ایسی نمائشوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی جاری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ “میڈ اِن پاکستان” نمائش کا دوسرا ایڈیشن سال 2026 میں لانچ کیا جائے گا۔
ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے خورشید برلاس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات باہمی احترام اور دوستی پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق ہیں۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ کراچی پورٹ کے ذریعے بنگلہ دیش چین، وسطی ایشیائی ریاستوں اور دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت کر سکے گا، جس سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ طبی اور مذہبی سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جا رہی ہے۔
مزید برآں، زراعت، ٹرانسپورٹ و مواصلات، تعلیم، صحت، بینکنگ، سیاحت، اطلاعات و نشریات اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں مشترکہ ترقی کے امکانات پر بھی اتفاق کیا گیا۔