بنوں میں شدت پسندوں کا حملہ: اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت چار افراد ہلاک

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی کے قافلے پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار اور ایک راہگیر بھی شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔

اطلاعات کے مطابق حملہ بنوں–میرانشاہ روڈ پر ممش خیل کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب اسسٹنٹ کمشنر کا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔ حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ کی جس کے نتیجے میں موقع پر ہی جانی نقصان ہوا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر ایسے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور ریاست دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

شفیع جان نے بھی واضح کیا کہ دہشتگرد عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ایسی کارروائیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں