پاکستان اور روس کے درمیان دسویں بین الحکومتی کمیشن کے موقع پر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں خصوصی کنسرٹ کا انعقاد

اسلام آباد – پاکستان اور روس کے درمیان جاری دسویں بین الحکومتی کمیشن اجلاس کی مناسبت سے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (PNCA) میں ایک خصوصی اور رنگا رنگ کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں روسی وزیر توانائی سرگئی تسویلیف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے پاکستانی و روسی فنکاروں اور گلوکاروں کی پرفارمنس کو بھرپور انداز میں سراہا اور ثقافتی ہم آہنگی کو دونوں ممالک کے تعلقات میں خوش آئند پیشرفت قرار دیا۔

کنسرٹ میں اسٹیٹ اکیڈمک رشین فوک انسمبل کی جانب سے شاندار فن کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ روسی نائب وزیر سائنس و اعلیٰ تعلیم، نائب وزیر توانائی، وزارتِ ثقافت کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

روسی فنکاروں نے کلاسیکی روسی ثقافت سے بھرپور پرفارمنس پیش کی، جسے شرکاء کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔ اس موقع پر ڈارک آئیز، پیڈلرز اور دیگر کلاسیکی روسی و سوویت دھنیں بجا کر محفل کو چار چاند لگا دیے گئے۔

روسی فوک کلچر کے ساتھ ساتھ پاکستانی موسیقی کی دلکش دُھنیں بھی پیش کی گئیں، جنہوں نے دونوں ممالک کے شائقین کو یکساں طور پر محظوظ کیا۔

تقریب میں شریک پاکستانی اور روسی مہمان ثقافتی رنگوں اور فنون کی اس مشترکہ محفل سے خوب لطف اندوز ہوئے، جو دونوں ممالک کے عوامی و ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنی۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں