مسلم لیگ (ق) اوورسیز یوکے کے وفد کا تنظیمی امور پر اہم مشاورتی دورہ — کراچی میں مرکزی قیادت سے ملاقات

کراچی : شاہد غزالی.مسلم لیگ (ق) اوورسیز یوکے کے سینئر رہنما ڈاکٹر شوکت علی شیخ کی قیادت میں وفد کا پاکستان کا اہم تنظیمی دورہ جاری ہے، جس کے دوران کراچی میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل طارق حسن سے خصوصی ملاقات کی گئی۔ ملاقات میں تنظیمی ڈھانچے، اوورسیز ونگ کی کارکردگی اور پارٹی کی دیگر داخلی امور پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ وفد میں محمد شفیق، صدر برمنگھم سمیت دیگر رہنما بھی شامل تھے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں اوورسیز یوکے کے نئے عہدیداروں کے نوٹیفیکیشن، تنظیم سازی کی رفتار اور پاکستان بھر میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مؤثر بنانے سے متعلق اہم تجاویز پر گفتگو کی گئی۔ وفد نے پارٹی کے اندر عہدوں کے نوٹیفیکیشن میں غیر ضروری تاخیر کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھایا، کیونکہ انٹرا پارٹی انتخابات کو چھ ماہ گزر جانے کے باوجود متعدد عہدیدار اب تک باضابطہ نوٹیفیکیشن سے محروم ہیں، جس کے باعث کارکنان میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی اور تنظیمی بہتری کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ملاقاتوں میں اہم فیصلے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز یوکے قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور بیرونِ ملک مسلم لیگ (ق) کو فعال بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

آخر میں وفد نے پارٹی کے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی، جبکہ ملکی سلامتی کے لیے پاک افواج کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں