باکو : وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا ڈیجیٹل وژن ملائیشیا کی ڈیجیٹل معیشت کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، اور اسی سلسلے میں انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ڈیجیٹل پالیسی ڈائیلاگ شروع کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔ وزارت آئی ٹی کے مطابق یہ گفتگو ورلڈ ٹیلی کمیونی کیشن ڈویلپمنٹ کانفرنس کے موقع پر ملائیشین وزیرِ مواصلات احمد فہمی محمد فاضل سے ملاقات میں ہوئی۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی آئی ٹی انڈسٹری اور 600,000 سے زائد ٹیک پروفیشنلز ملک کی بڑی طاقت ہیں۔ دونوں ممالک نے آئی سی ٹی برآمدات میں مزید اضافے پر اتفاق کیا جبکہ شزا فاطمہ نے مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، ٹیلنٹ موبیلٹی اور سکل ڈویلپمنٹ میں تعاون بڑھانے کی تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل کونٹینٹ میں مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی۔
بعد ازاں وفاقی وزیر نے آذربائیجان کے آسان خدمت سینٹر کا دورہ کیا، جسے انہوں نے ڈیجیٹل گورننس کی بہترین مثال قرار دیا۔ پاکستانی وفد کو ای-گورننس، عوامی خدمات اور ڈیجیٹل انٹیگریشن کے ماڈلز پر بریفنگ دی گئی۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ آذربائیجان کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں اب ڈیجیٹل تعاون اور ٹیکنالوجی شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کے بعد پورے پاکستان میں آسان خدمت طرز کے سروس سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ شہری مرکوز ڈیجیٹل خدمات کو فروغ دیا جا سکے۔