راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 15 اور 16 نومبر کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئیں۔
پہلی کارروائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس آپریشن میں گروہ کے سرغنہ عالم محسود سمیت 10 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ہوئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے مزید 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینی ٹائزیشن کا عمل جاری ہے تاکہ مزید کسی بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمتِ عملی “عزمِ استحکام” کے تحت ملکی و غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔