ویب ڈیسک -:فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹ خریدنے والے شائقین کو اب امریکا کے لیے ویزا انٹرویو میں خصوصی ترجیح ملے گی۔ یہ سہولت فیفا پرائیرٹی اسائنمنٹ شیڈول سسٹم کے تحت فراہم کی جائے گی، جو امریکی محکمہ خارجہ کے اشتراک سے اوائل 2026 میں فعال ہوگا۔
اے پی پی کے مطابق، وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر داخلہ کرسٹی نوم اور فیفا صدر جیانی انفنٹینو کی موجودگی میں اس نظام کا اعلان کیا گیا۔ اس کا مقصد ان شائقین کو ترجیحی انٹرویو کا موقع فراہم کرنا ہے جو امریکا میں ہونے والے ورلڈ کپ میچوں کے ٹکٹ رکھتے ہوں۔
فیفا کے مطابق یہ اقدام ورلڈ کپ کی تیاریوں میں ایک اہم سنگ میل ہے اور امریکا کی جانب سے دنیا بھر کے شائقین کا خیرمقدم کرنے کا ثبوت ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ قریب ہے، اس لیے شائقین کے لیے ویزا اپائنٹمنٹ جلد حاصل کرنا بہترین موقع ہے۔
ورلڈ کپ 2026 کے لیے 16 میزبان شہروں (امریکہ 11، میکسیکو 3، کینیڈا 2) میں 78 میچ کھیلے جائیں گے جبکہ 60 لاکھ سے زائد ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔
فیفا نے ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا اپائنٹمنٹ کے لیے جلد از جلد درخواست دیں۔ VWP ممالک کے شائقین ویزا فری سفر کے لیے ESTA کے ذریعے اپلائی کر سکتے ہیں۔