اسلام آباد، (سی این این اردو) :خاتون اول پاکستان بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے آج ڈبلن سٹی کونسلر عمار علی نے ملاقات کی، جس میں جمہوری اقدار کے فروغ، باہمی تعلقات کے استحکام اور پاکستان و آئرلینڈ کے درمیان قریبی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کونسلر عمار علی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنماؤں، شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور جمہوریت کے لیے خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنے تحقیقی مطالعے کے حوالے سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت اور سماجی انصاف کے فروغ میں تاریخی کردار پر روشنی ڈالی۔
فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری نے عمار علی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ڈبلن کے ڈپٹی میئر کے انتخابی عمل میں کامیابی کی خواہش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ عوامی خدمت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔
بی بی آصفہ نے نوجوان پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں جمہوری شمولیت اور شہری ذمہ داری کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے اپنے عزم کو جاری رکھنے کی ترغیب دی۔