چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے روسی فیڈریشن کونسل کے نائب اسپیکر کونسٹینٹا ین کوساچوف کے پارلیمانی وفود کی ملاقات

اسلام آباد (سی این این اردو)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے روسی فیڈریشن کونسل کے نائب اسپیکر کونسٹینٹا ین کوساچوف، بارباڈوس کے اسپیکر آرتھر یوجین ہولڈر، فلسطین کے نیشنل کونسل کے اسپیکر روحی فتوح، روانڈا کی سینیٹ کے صدر فیرینک کویس ژویر کولندھا، الجیریا کے رکن پارلیمنٹ سعد اراؤس اور دیگر بین الاقوامی پارلیمانی رہنماؤں نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں غیر ملکی پارلیمانی وفود نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی سخت مذمت کی اور پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفود نے اس واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت پر شکریہ

چیئرمین سینیٹ نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت پر تمام وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں “امن، ترقی اور خوشحالی” کے موضوع پر تبادلہ خیال وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس سی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی رہنما ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ گیلانی نے زور دیا کہ ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے اور کثیرالجہتی روابط کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

روس کے ساتھ پارلیمانی تعاون پر تبادلہ خیال

روسی وفد سے گفتگو میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے خوش آئند ہیں۔ انہوں نے روسی فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلینٹینا ماتوینکو کے دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

روسی نائب اسپیکر نے اسلام آباد دھماکے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانی دوستی گروپ تعلقات کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔

بارباڈوس کے اسپیکر سے ملاقات

بارباڈوس کے اسپیکر آرتھر یوجین ہولڈر سے گفتگو میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور بارباڈوس کے دوطرفہ تعاون کو اہم قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملک عالمی پارلیمانی فورمز پر مؤثر انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

بارباڈوس کے اسپیکر نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور چیئرمین سینیٹ کے لئے نیک تمنائیں پیش کیں۔

فلسطین کے اسپیکر روحی فتوح سے ملاقات

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فلسطینی عوام کے حوصلے اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ فلسطین کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ فلسطینی رہنما روحی فتوح نے پاکستان کی حکومت، پارلیمان اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں فلسطینی عوام کا ساتھ دیا ہے۔

روانڈا، الجیریا، ایران اور مالدیپ کے وفود سے بھی ملاقاتیں

روانڈا کی سینیٹ کے صدر فیرینک کویس ژویر کولندھا سے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔

الجزائری رکنِ پارلیمنٹ سعد اراؤس نے بین الپارلیمانی کانفرنس کو نہایت اہم قرار دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس فورم کے ذریعے امن، سلامتی اور ترقی کے لئے مشترکہ حکمتِ عملی طے کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے الجیریا سمیت تمام شراکت دار ممالک کے ساتھ دیرپا تعاون کے عزم کو دہرایا اور وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔

ایرانی اور مالدیوی وفود نے بھی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ گیلانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کا مشترکہ وژن امن، ترقی اور خوشحالی پر مبنی ہے۔

دیگر وفود کی ملاقاتیں

ملاقات کرنے والے وفود میں ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور شام کے نمائندے بھی شامل تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر تنازعات کے منصفانہ حل کی حمایت جاری رکھے گا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں