اسلام آباد: صحافی قاسم منیر پر حملہ — اغوا کے بعدحالت تشویش ناک

اسلام آباد (سی این این اردو) — دارالحکومت کے علاقے تھانہ کرپہ کی حدود میں معروف صحافی اور انویسٹیگیشن رپورٹر قاسم منیر پر مبینہ طور پر قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے حملہ کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق قاسم منیر کو جمعہ کی شب نامعلوم افراد نے اغوا کیا، انہیں نامعلوم مقام پر لے جا کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور بعد ازاں تشویش ناک حالت میں تھانہ کرپہ کے قریب پھینک دیا گیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قاسم منیر کو شدید زخمی حالت میں مقامی رہائشیوں نے دیکھا، جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے اور وہ زیرِ علاج ہیں۔

ذرائع کے مطابق قاسم منیر کو گزشتہ کئی دنوں سے سنگین نوعیت کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں، جن کی اطلاع انہوں نے متعلقہ حکام کو دی تھی، تاہم ان کی سیکیورٹی کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ صحافتی تنظیموں اور میڈیا حلقوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں