وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کی جانب سے ایپنک کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

اسلام آباد (سی این این اردو) — وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے ملک بھر کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی نمائندہ تنظیم ایپنک (APENK) کے نومنتخب عہدیداران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کی جانب سے ان کے کوآرڈینیٹر ریحان گیلانی نے ایپنک کے چیئرمین محمد صدیق انظر کو مبارکبادی پھول پیش کیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

فون پر گفتگو کے دوران وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ میڈیا کسی بھی ملک کی ترقی، استحکام اور جمہوری نظام کے استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار، آزاد اور متوازن میڈیا معاشرتی ترقی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی اعتماد کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان میڈیا انڈسٹری سے وابستہ تمام مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس پالیسیوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت میڈیا اداروں، صحافیوں اور متعلقہ تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ان کے جائز مسائل کو حل کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان مضبوط تعلق ہی قومی ترقی، شفافیت اور عوامی آگاہی کی ضمانت ہے۔ قیصر احمد شیخ نے یقین دلایا کہ حکومت میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر ایپنک کے چیئرمین محمد صدیق انظر نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم اپنے اراکین کے حقوق کے تحفظ اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایپنک میڈیا سے وابستہ تمام افراد کے درمیان یکجہتی، پیشہ ورانہ تربیت، اور جدید میڈیا کے تقاضوں کے مطابق ترقی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

محمد صدیق انظر نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور تعاون کے اعلانات سے میڈیا ورکرز کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایپنک آئندہ بھی اپنی جدوجہد کو مثبت سمت میں جاری رکھے گی تاکہ صحافی برادری کے مسائل حل ہوں اور ملک میں آزاد، ذمہ دار اور مثبت صحافت کو فروغ دیا جا سکے۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں