بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات

لاہور -(عابد چوہدری ):- بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیرِ انتظام جاری ہیں۔ اس موقع پر بھارت سے بڑی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان پہنچے ہیں۔

واہگہ بارڈر پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق اور پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ بھی موجود تھے۔

بھارت سے جتھے دار اکال تخت کلدیپ سنگھ گرگاج، شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی لیڈر بی بی گوریندر کور اور دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے رہنما رویندر سنگھ سویٹا بھی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے۔

ایڈیشنل سیکرٹری ناصر مشتاق کے مطابق سکھ یاتریوں کے قیام و طعام، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ امیگریشن اور کسٹمز کے مراحل مکمل ہونے کے بعد یاتری خصوصی بسوں کے ذریعے واہگہ بارڈر سے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ ہوگئے۔

بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی، جس میں وفاقی و صوبائی وزراء بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔

چیئرمین بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے بھارت سے آنے والے تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

ناصر مشتاق نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک کے جنم استھان سمیت تمام گوردواروں کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی میڈیکل ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں۔

بجلی کی لوڈشیڈنگ کی صورت میں جنریٹرز کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ داخلی راستوں اور اطراف میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

ناصر مشتاق کے مطابق، سکھ یاتری اپنا 10 روزہ مذہبی دورہ مکمل کرنے کے بعد 13 نومبر کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔ بھارت سے تقریباً 2100 سکھ یاتری پاکستان پہنچے ہیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں