ویانا میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام “آرٹ فار گلوبل پیس” نمائش — عالمی امن اور ہم آہنگی کے فروغ کا عزم

ویانا (زاہد غنی چوہان) — اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام ویانا انٹرنیشنل سینٹر (VIC) میں دو روزہ آرٹ نمائش “آرٹ فار گلوبل پیس” کا انعقاد کیا گیا۔ اس نمائش کا افتتاح پاکستان کے سفیر اور مستقل نمائندے محمد کامران اختر نے کیا۔

یہ نمائش کے تین حصوں پر مشتمل تھی

کلاسک اور عصری آرٹ ، ٹرک آرٹ — پاکستان کا عالمی شہرت یافتہ لوک آرٹ

ماؤنٹینز آف پیس — گلگت بلتستان کے سیاحتی اور کوہ پیمائی کے امکانات کو اجاگر کرتا ہے۔

یہ دو روزہ نمائش 30 سے 31 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی، جس کا مقصد فن کے ذریعے عالمی امن، اتحاد اور ہمدردی کے پیغام کو فروغ دینا ہے۔ فنکاروں نے اپنے تخلیقی کام کے ذریعے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا میں امن و ہم آہنگی کی مشترکہ آرزو کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر آسٹریا کی وفاقی وزارت برائے یورپی و بین الاقوامی امور کے منسٹر کرسٹوف مےنبرگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
افتتاحی خطاب میں سفیر محمد کامران اختر نے کہا کہ یہ نمائش قائداعظم محمد علی جناح کے وژن سے متاثر ہے، جو عالمی امن، انصاف اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے متنوع فنی ورثے پر مبنی یہ نمائش تکثیریت، رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کو اجاگر کرتی ہے — جو تشدد اور خوف سے پاک دنیا کے قیام کے لیے پاکستان کی خواہش کا اظہار ہیں۔

سفیر نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ فن ایک ایسی عالمی زبان ہے جو سرحدوں سے ماورا ہو کر انسانیت کو جوڑتی ہے۔

مہمانِ خصوصی کرسٹوف مےنبرگ نے پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں، متنوع اندازِ بیان، اور روایتی و جدید موضوعات کے حسین امتزاج کی تعریف کی، جو مکالمے اور بین الثقافتی سمجھ بوجھ کو فروغ دیتے ہیں۔

اس تقریب میں سفارت کاروں، اقوام متحدہ کے عہدیداروں، اور آسٹریا کے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستانی سفارت خانے کے اس ثقافتی اقدام کو سراہا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں