انچن جنوبی کوریا :پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا (PBA) کی جانب سے ممبر قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و ورکس کے چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب پی بی اے کمیونٹی سنٹر، سنگدو، انچن سٹی میں منعقد ہوئی جس میں کمیونٹی کے معزز اراکین اور مذہبی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مولانا عبدالغفور حیدری کی آمد پر چیئرمین مدثر علی چیمہ، وائس چیئرمین صابر خان خٹک، صدر رحیم شاہ، ایڈوائزری بورڈ کے رکن مہر محمد سرور، ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ میاں محمد شکیل، میڈیا انچارج ڈاکٹر میاں صابر حسین، ویلفیئر ہیڈ حاجی شفیق خان، فنانس ہیڈ دلدار حسین اور دیگر سینئر اراکین نے گلدستوں کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک قاری صلاح الدین نے کیا جبکہ نعت رسولِ مقبول ﷺ کی سعادت مردان علی قادری نے حاصل کی۔
مہمانوں کی تواضع آبِ زم زم اور مدینہ منورہ کی کھجوروں سے کی گئی جو فنانس ہیڈ دلدار حسین کی جانب سے پیش کی گئیں۔ اس موقع پر شرکاء نے انہیں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

مفتی محمد عاصم، امیر جمعیت علماء اسلام کوریا چیپٹر، نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سیاسی و دینی دنیا کی نمایاں شخصیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کا دورۂ کوریا پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔

چیئرمین پی بی اے مدثر علی چیمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ “ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ مولانا عبدالغفور حیدری جیسے معزز رہنما ہماری دعوت پر تشریف لائے۔ پی بی اے ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے جو پاکستان سے آنے والی ہر باعزت شخصیت کو خوش آمدید کہتا ہے۔”
اپنے خطاب میں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ “میں 2016 میں بھی کوریا آیا تھا اور اس وقت بھی پاکستانی بزنس کمیونٹی کی محبت و خلوص قابلِ تعریف تھی۔”
انہوں نے نہایت مدلل اور جامع انداز میں قیامِ پاکستان سے لے کر موجودہ سیاسی و سماجی حالات پر گفتگو کی اور جمعیت علماء اسلام کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے پاکستانی مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “پاک فوج نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں دی ہیں، خصوصاً حالیہ بھارتی جارحیت کا جس عزم و بہادری سے مقابلہ کیا گیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔”
صدر پی بی اے رحیم شاہ نے تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ہم مولانا عبدالغفور حیدری کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر ہماری دعوت قبول کی۔”