اسلام آباد— گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، ثقافت، ماحولیاتی تبدیلی، سیاحت کے فروغ اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے شمالی علاقے اپنی قدرتی خوبصورتی، دلکش مناظر اور تاریخی ورثے کے باعث عالمی سیاحوں کے لیے غیر معمولی کشش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاحت، توانائی، زراعت اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، اور حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتی ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا قدیم تہذیب و ثقافت کا مرکز اور قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ ان وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کر کے صوبے کی معیشت کو مضبوط اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔
ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے ملاقات کے دوران پاکستان کے خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سیاحت، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان، خصوصاً خیبرپختونخوا کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔