راولپنڈی : پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں انڈوں کے عالمی دن کے حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی رہنمائی میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پولٹری انڈسٹری کی اہم شخصیات سمیت مختلف کالجز اور بارانی یونیورسٹی کے 400 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔ پروگرامز میں مختلف مقابلے، آگاہی واک اور ایک خصوصی سیمینار شامل تھا۔ ان تقریبات کا اہتمام یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل سائنسز،ایس بی ایگز اور ڈبلیو پی ایس اے پاکستان نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ارسلان پولٹری کے سی ای او میاں محمد اسلم تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں بچوں، خواتین اور نوجوانوں کی صحت اور پرورش میں انڈوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند جسم صحت مند دماغ کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے انڈوں کی غذائی اہمیت اور پاکستان میں غذائی قلت سے نمٹنے کے لیے ان کے کردار کے بارے میں عوامی آگاہی کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی اور منتظمین کی کوششوں کو بھی سراہا۔
تقریب کے مہمانِ اعزاز ڈبلیو پی ایس اے پاکستان کے صدر اور جدید گروپ کے سی ای او میاں صہیب جاوید نے روزمرہ زندگی میں انڈوں کی اہمیت، خوراک اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں ان کے اہم کردار کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ انڈے ہر عمر کے لوگوں کے لیے پروٹین اور ضروری وٹامنز کے سب سے سستے اور متوازن ذرائع میں سے ہیں۔
ڈاکٹر ناصر مختار نے تمام شرکاء اور معزز مہمانوں کی فعال شمولیت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ ایگ ڈے کا اہتمام ایک خوبصورت اور متاثر کن انداز میں کیا گیا جو کہ فیکلٹی، طلباء اور انڈسٹری کے شراکت داروں کی لگن اور ٹیم ورک کی عکاسی کرتا ہے۔