کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نےPTCL کو ٹیلی نار اور اورین ٹاورز کے سو فیصد حصص ایکوائر کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نےPTCL کو ٹیلی نار اور اورین ٹاورز کے سو فیصد حصص ایکوائر کرنے کی منظوری دے دی۔کمٹیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ منظوری شرائط کے ساتھ دی گئی ہے تاکہ ٹیلی کام مارکیٹ میں مسابقت برقرار رہے اور صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔کمیشن کا فیصلہ بدھ کے روز اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران سنایا گیا۔چیئرمین کمپٹیشن ڈاکٹر کبیر احمد سدھو، ممبر سلمان امین، رجسٹرار شہزاد حسین اور ہیڈ آف لیگل عنبرین عباسی نے میڈیا کو فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

کمپٹیشن کمشن کے حکام نے کہا کہ اس فیصلے کے جائزے کے دوران کمیشن نے امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین سمیت کئی ممالک کے میں ایسی ہی ٹرانزیکشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔پی ٹی سی ایل اور نئی مرجر کمپنی کے لیے علیحدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز اور مینجمنٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔دونوں کمپنیاں حساس کمرشل معلومات کا تبادلہ نہیں کر سکیں گی۔مزید ازاں ایک انڈیپینڈنٹ تھرڈ پارٹی ریویوَر مرجر کے فیصلے کی شرائط پر عمل درآمد پر سہ ماہی رپورٹ کمیشن کو جمع کروائے گا۔

اس کے علاوہ ، پی ٹی سی ایل پر پرائس ڈسکرمنیشن اور ذیلی کمپنی کو کراس سبسڈائزیشن نہ کرنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔جبکہ بطور ہول سیل ڈیلر، پی ٹی سی ایل پر دیگر کمپنیوں کو انٹرکنیکشن اور انفراسٹرکچر تک غیر امتیازی رسائی فراہم کرنے اور صارفین کے تحفظ کے لیے لازمی اقدامات کرنے کی شراط بھی عائد کی گئیں ہیں۔فیصلے میں کمپٹیشن کمیشن نے کمیشن نے واضح کیا کہ اگر خلاف ورزی ہوئی تو پی ٹی سی ایل کو اپنے اثاثے یا کاروبار کے حصے الگ کرنے کا حکم بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔

کمٹیشن کمیشن کے حکام نے واضح کیا کہ “یہ شرائط اس لیے عائد کی گئی ہیں تاکہ جانبداری، پریڈیٹری پرائسنگ اور نئے فریقین کے لیے رکاوٹ پیدا نہ ہو، اور پی ٹی اے کے ساتھ مل کر مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے۔”

کمپٹیشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ کمیشن کا فیصلہ مارکیٹ کی ترقی اور صارفین کے مفاد میں توازن قائم کرے گا اور پاکستان کی ٹیلی کام مارکیٹ کو کھلا، مسابقتی اور جدیدیت پر مبنی رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں