اسلام آباد : پاکستان میں قائم روسی سفارت خانہ نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک افسوسناک اور بزدلانہ عمل قرار دیا ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کی کسی بھی شکل کو برداشت نہیں کیا جا سکتا اور اس سے سختی سے نمٹنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس واقعے کے پس پردہ عناصر، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو فوری طور پر بے نقاب کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے تاکہ ایسے جرائم کا اعادہ نہ ہو۔ روسی سفارت خانے نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دیں گے۔
اس موقع پر روسی سفارت خانہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ بیان میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی گئی۔ روس نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون جاری رکھے گا اور عالمی امن و استحکام کے لیے اپنی حمایت برقرار رکھے گا۔